باکو( ملت+آئی این پی)وزیر اعظم نواز شریف اور آذر بائیجان کے وزیراعظم عار طر رئیس زادہ کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو پائیدار بنانے ، دفاعی اور معاشی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ جمعہ کو وزیر اعظم نواز شریف اور آذبائیجان کے وزیر اعظم کے درمیان باکو میں ملاقات ہوئی ، یہ ملاقات دونوں وزرائے اعظم کے مابین وفود کی سطح پرکابینہ آفس میں ہوئی اور دونوں رہنماء اپنے اپنے وفد کی قیادت کر رہے تھے ۔ ملاقات کے دوران گفتگو میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم آذر بائیجان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور دو طرفہ قریبی تعلقات کو پائیدار معاشی تعاون اور تمام شعبوں میں دوستانہ تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی افواج معصوم شہریوں پر ظلم و بربریت ڈھا رہی ہے اور ان کے مظالم سے 112کشمیری شہید اور 7 ہزار زخمی ہو چکے ہیں ، اسی طرح چھرے والی گن کے استعمال سے 200 افراد کی بینائی متاثر ہوئی ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ بھی ملاقات بہت مفید رہی اور ہمیں فخر ہے کہ پاکستان آذر بائیجان کو تسلیم کرنے والے ممالک میں شامل تھا ۔آذر بائیجان کے وزیر اعظم عارطر رئیس زادہ نے کہا کہ پاکستان اور آذر بائیجان کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ کے بہت مواقع ہیں، محمد نواز شریف کے دورے سے دو طرفہ تعلقات کو نئی جہت ملے گی ، پاکستانی حکومت اور عوام نے عالمی فورمز پر ہمارے جائز موقف کی ہمیشہ حمایت کی ہے، ہم پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں، انھوں نے کہا کہ آذر بائیجان مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔
خبرنامہ
آذر بائیجان سے تعلقات اہم‘بھارت معصوم شہریوں پر ظلم ڈھا رہاہے‘وزیراعظم
