خبرنامہ

آزادکشمیر کی تعمیرو ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وفاقی وزیر امور کشمیر چودھری برجیس طاہر نے کہاہے کہ آزادکشمیر کی تعمیرو ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، آزادکشمیر میں 2016 ؁ء کے انتخابات کے دوران یوتھ ونگ کا کردار نمایاں رہا، یوتھ ونگ کے نوجوانوں نے جماعت کی کامیابی کیلئے انتھک محنت کرکے اپنا حق اداکیا، اب حکومت نوجوانون کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرکے نوجوانون کو ان کی محنت کا صلہ دیگی ،مسلم لیگ ن کی وفاقی اور آزادکشمیر حکومت کے مابین بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے ، جس کا استفادہ کرتے ہوئے آزادکشمیر کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیئے جائیں گے ان خیالات کااظہار وفاقی وزیرامور کشمیر چودھری برجیس طاہر نے گزشتہ روز اسلام آباد میں مسلم لیگ یوتھ ونگ آزادکشمیر کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار طارق محمود کی جانب سے چودھری برجیس کے اعزاز میں رکھے گئے ظہرانے کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزادکشمیر کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار طارق محمود نے وزیر امور کشمیر اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ کہ انہوں نے تراڑ کھل کیلئے فائربرگیڈکی گاڑی کی سہولت فراہم کرنے کیساتھ ساتھ تراڑ کھل شہر کیلئے روڈ کی تعمیر کامنصوبہ دیا، وفاقی حکومت کی طرف سے ان اقدامات پر جہاں وفاقی حکومت کا سردار طارق محمود نے شکریہ اداکیا۔ وہاں وفاقی وزیر امور کشمیر کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر عامر الطاف، سیدھیر زمان ، عوامی رابطہ بورڈمسلم لیگ ن مظفرآباد ڈویژن کے چیئرمین عبدالرشید ڈار ، راجہ مختیا ر، یونس کیانی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر چودھری برجیس طاہر نے کہاکہ مسلم لیگ ن یوتھ ونگ جماعت کاہراؤل دستہ ہے ۔آزادکشمیر کے حالیہ انتخابات میں یوتھ ونگ کاکردار قابل تعریف ہے ۔ لیگی حکومتیں پاکستان وآزادکشمیر میں نوجوانوں کی امیدوں پر پورااتریں گی ، مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے کارکنان اور عہدیداران تیاریاں شروع کردیں۔ آّزادکشمیر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں نوجوانوں کو آگے آّنے کا موقع فراہم کیاجائے گا۔ انہوں نے مسلم لیگ یوتھ ونگ آزادکشمیر کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار طارق محمود کی جماعتی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہاہے ۔