خبرنامہ

آصف زرداری کو کسی کی طرف سے لاہور میں جو پلاٹ ملا ہے یہی ان کاپنجاب میں حصہ ہے

لاہور/مر یدکے (ملت آن لائن + آئی این پی) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار ،سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے آصف علی زرداری کو کسی کی طرف سے لاہور میں جو پلاٹ ملا ہے یہی ان کیلئے کافی ہے اور یہی ان کا پنجاب میں حصہ ہے ،پنجاب کو فتح کرنے کی باتیں چھوڑکر سندھ پر توجہ دیں جو ان کے ہاتھوں سے نکلا جارہا ہے ،مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء کے انتخابات میں پورے ملک میں کامیابی حاصل کر ے گی ۔ یہاں میڈیا سے گفتگو اور نجی تعلیمی ادارے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مخالفوں کی وجہ سے نہیں بلکہ آصف علی زرداری کی وجہ سے اس نہج پر پہنچی ہے ۔ آصف زرداری چلے ہوئے کارتوسوں کے ساتھ سیاسی جنگ کی بات چھوڑیں اوراپنی بچی کھچی پارٹی کو سمیٹیں اور کراچی سمیت سندھ کا کچرا اٹھائیں۔انہوں نے کہا آصف علی زرداری کولاہور میں ایک پلاٹ کی صورت میں جو حصہ ملنا تھا وہ مل گیا انہیں پنجاب سے اور کچھ نہیں ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی آرمی چیف سے ملاقات کس تناظر میں ہوئی اس کا توعلم نہیں تاہم آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق اتنا علم ہے کہ انہوں نے کہا ہے کہ آج پاکستان دنیا میں جس مقام پر عزت سے کھڑا ہے عالمی ادارے اس کی تصدیق کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کچھ اپوزیشن جماعتیں ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہیں لیکن خوشحالی اور ترقی کی جو ٹرین چل نکلی ہے وہ اپنی منزل پر ہی پہنچ کر رکے گی ۔