خبرنامہ

احتجاجی سیاست سے ملک کو نقصان ہو گا،راجہ ظفر الحق

راولپنڈی۔22اکتوبر (ملت+ اے پی پی )چیئرمین مسلم لیگ (ن) سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے کہاہے کہ احتجاجی سیاست سے ملک کو نقصان ہو گا،دھرنا سیاست ملکی امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے ،تعلیم ہی کی بدولت ملکی ترقی کا عمل فروغ پا سکتا ہے ، نجی تعلیمی ادارے فروغ تعلیم میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح پریپیرٹری سکول کی تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔راجہ محمد ظفر الحق نے کہاکہ عمران خان منفی سیاست سے ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں ،انہیں اپنے رویے پر نظر ثانی کر نی چاہیے اور سپریم کورٹ کے نوٹس لینے پر دھرنا سیاست کو ترک کر دینا چاہیے اور حکومت کی جانب سے ملکی ترقی کے منصوبوں کو رواں رکھنے کے لیے اپنا کردارادا کرنا چاہیے کیونکہ ان ترقیاتی منصوبوں کی بدولت عوام کو ہی فائدہ ملنا ہے ۔ تقریب میں جناح پریپیرٹری سکول کے سی ای او عبدالقادر حئی ، پرنسپل مسز عشرت خاتون ،سابق ایئر مارشل راجہ اقبال ،عبدالشکورپراچہ اور اساتذہ و طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی ۔راجہ محمد ظفر الحق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ دھرنا سیاست سے دنیا کو منفی پیغام جائے گا اور سی پیک جیسے میگا پراجیکٹ کو بھی نقصان پہنچے گا ، مسلم لیگ (ن)پانچ سال مکمل کرے گی اور 2018کے انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے بے شمار میگا پراجیکٹس شروع کیے ہیں جن کی بدولت ملکی ترقی کو عروج ملے گا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے طلباء کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ طلباء کی استعداد کار میں اضافے کے لیے اساتذہ کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں ۔اس موقع پر طلباء نے مختلف ٹیبلوز پیش کر کے حاضرین سے داد وصول کی۔