خبرنامہ

احتساب مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا بنیادی ستون ہے: سعد رفیق

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) مسلم لیگ ن کے رہنما ؤں وفاقی وزراخواجہ محمد آصف اور خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ احتساب مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا بنیادی ستون ہے، نہ ہی مسلم لیگ (ن) کسی احتساب سے گھبراتی ہے‘ عمران خان سے شوکت خانم اور سیلاب زدگان کے پیسوں کا حساب مانگ رہے ہیں‘ عمران خان بتائیں امتیاز حیدری کون ہے جس کی کمپنی میں پیسہ لگایا ہے، عمران خان خود اس مسئلے کا حل نہیں چاہتے،ہر فورم سے خان صاحب راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہم کسی بھی فورم سے نہیں بھاگے اور ہر جگہ پیش ہوئے ہیں۔ احتساب مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا بنیادی ستون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کسی احتساب سے نہیں گھبراتی۔ ہم 2012 سے عمران سے شوکت خانم اور سیلاب زدگان کے پیسوں کا حساب مانگ رہے ہیں۔ عمران خان صدقات اور خیرات کی رقوم کا حساب دیں۔ ہم احتساب سے نہیں گھبراتے ہر سوال کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں اور ہم عدالت میں بھی ہر قانونی تقاضا پورا کریں گے۔ عمران خان بتائیں امتیاز حیدری کون ہے جس کی کمپنی میں پیسے لگائے ہیں۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم نے خود کو احتساب کے لئے پیش کیا۔ اپوزیشن کی طرف سے پندرہ سوال مناسب نہیں تھے اور اس مسئلے کا حل عمران خان خود نہیں چاہتے۔ عمران خان عدالت کے فیصلوں پر یقین نہیں رکھتے جب معاملہ عدالت میں ہے تو پھر ملک کو بند کرنے کی کوشش کیوں؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹی او آرز کے لئے اپوزیشن سے مذاکرات کئے اور عمران خان ہر فورم سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں ۔پی ٹی آئی سینٹ اور قومی اسمبلی سے بھی راہ فرار اختیار کررہی ہے مسلم لیگ (ن) اداروں کے احترام پر یقین رکھتی ہے۔