خبرنامہ

اداروں سے بالاتر ہو کر پاکستان کے مفاد کیلئے سوچنا ہو گا: مریم

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اداروں سے بالاتر ہو کر پاکستان کے مفاد کیلئے سوچنا ہو گا، معاشرے کو آگے لے جانے کیلئے آزادی اظہار رائے ضروری ہے ،مگر آزادی اظہار رائے کے ساتھ ذمہ داری بھی ہونی چاہیے ،حکومتی سطح پر پہلی دفعہ صحافیوں کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے، صحافیوں کے حوالے سے بل پر صحافی تنظیموں سے خود رائے لوں گی ،صحافیوں کیلئے جرنلسٹ انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے گا،قومی مفاد کا تقاضا ہے کہ پاکستان کے مثبت تشخص کی بات کی جائے ، عالمی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کو چین اور بھارت سے بہتر قرار دے رہے ہیں ۔وہ بدھ کو نیشنل پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کر رہی تھیں ۔وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافیوں کی ادارہ جاتی ٹریننگ کے حوالے سے کبھی بات نہیں کی گئی، وزیراعظم کی ہدایت پر صحافیوں کی سکیورٹی پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں،صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام فریقین سے مشاورت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کیلئے جرنلسٹ انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے گا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ معاشرے کو آگے لے جانے کے لیے آزادی اظہار رائے ضروری ہے،مگر آزادی اظہار رائے کے ساتھ ذمہ داری بھی ہونی چاہیے ۔اداروں سے بالاتر ہو کر پاکستان کے مفاد کے لیے سوچنا ہو گا ،قومی مفاد کا تقاضا ہے کہ پاکستان کے مثبت تشخص کی بات کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کو چین اور بھارت سے بہتر قرار دے رہے ہیں، صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے قانون سازی کررہے ہیں۔قانون سازی سے صحافیوں کے بنیادی مسائل حل ہو جائیں گے،وزیر مملکت نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی کا بل قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔پیمرا کی ہدایت پر ہر ادارے کی اپنی ایڈیٹوریل کمیٹی موجود ہے۔