خبرنامہ

اسحاق ڈار سے طلال ابو غزالے آرگنائزیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طلال ابو غزالے کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 19 اکتوبر (ملت + اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے طلال ابو غزالے آرگنائزیشن کے چیئرمین اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کے عالمی کاروباری رہنما ڈاکٹر طلال ابو غزالے نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے مہمان شخصیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امت مسلمہ کیلئے ان کی شاندار خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر ڈاکٹر طلال ابو غزالے نے وفاقی وزیر خزانہ کو پاکستان کی گذشتہ تین سالوں کے دوران اقتصادی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیر خزانہ نے انہیں حکومت کی جانب سے ملک میں کاروباری ماحول بہتر بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ کاروبار میں آسانی کے اشاریے میں مزید بہتری موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔ طلال ابو غزالے نے پاکستان میں ڈیجیٹل سہولیات کے پھیلاؤ کو سراہتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی خدمات کی دور دراز علاقوں تک فراہمی اور مارکیٹ میں صحت مند مسابقت سے یہاں نئے کاروبار کے قیام کے مواقع بڑھے ہیں۔ وزیر خزانہ نے مہمان شخصیت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون اور معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبہ میں بڑی سرمایہ کاری کی جائے اور نالج اکانومی کی طرف بڑھا جائے۔ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن اور وزارت خزانہ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔