اسلام آباد :(ملت+اے پی پی)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ہفتہ کویہاں پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی اور برطانوی سیکرٹری خارجہ بورس جانسن کے حالیہ دورہ پاکستان کے بارے میں انہیں بریفنگ دی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ برطانوی سیکرٹری خارجہ کا دورہ انتہائی کامیاب اور تعمیری دورہ تھا اور انہوں نے پاکستان کی اقتصادی نمو اور ترقی کیلئے مثبت جذبات کا اظہارکیا۔ ہائی کمشنر نے وزیرخزانہ کو برطانوی سیکرٹری خارجہ کی پاکستان میں کام کرنے والی برطانوی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا جس میں برطانوی کمپنیوں نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہارکیا ہے۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے برطانوی سیکرٹری خارجہ کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی معاشی ترقی اور مستقبل میں پاک برطانیہ تجارتی تعلقات میں اضافہ کے حوالے سے حوصلہ افزاء کلمات ادا کرنے پر تعریف کی ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاری کرنے والی برطانوی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی اور نئی کمپنیوں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ دنیا بھر سے پاکستان میں کاروباری اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے سے متعلق خواہشات کا اظہار ہورہاہے ۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ فرانس کی رینالٹ کمپنی نے حال ہی میں پاکستان میں آٹوموبائل مینوفیکچرنگ کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانوی کمپنیاں پاکستان میں کامیابی کے ساتھ کام کررہی ہیں اور پاکستان میں برطانیہ کی نئی سرمایہ کاری لانے کیلئے انہیں بہتر کاروباری ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے پاکستان کے ساتھ کثیرالجہت شعبوں میں مضبوط تعلقات ہیں اور ان تعلقات کو پاکستان میں برطانوی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے سے مزید دوام ملے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے اور توقع ہے کہ دو طرفہ تعلقات مستقبل میں مزیدمستحکم ہونگے۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے برطانوی ہائی کمشنر کی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور انہیں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور سیکرٹری اقتصای امور ڈویژن بھی ملاقات میں شریک تھے۔
خبرنامہ
اسحاق ڈار سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی ملاقات
