اسحاق ڈار آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو ضمانتی مچلکے ضبط ہونگے۔، احتساب عدالت
اسلام آباد:(ملت آن لائن) احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نیب ریفرنس کی گزشتہ سماعت پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس پر عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آخری سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہےکہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی نہ ہونے کی وجہ سے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہوئی، اسحاق ڈارکے 20 لاکھ روپے کے مچلکوں پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہےکہ تمام گواہ موجود ہیں لیکن ملزم اسحاق ڈار غیرحاضر ہے، ڈاکٹر کے مطابق ملزم اسحاق ڈار کے لیے سفر کرنا محفوظ نہیں، میڈیکل رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، تفتیشی افسراسحاق ڈار کی میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کرائے۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق اسحاق ڈار آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو ضمانتی مچلکے ضبط ہوں گے۔ نیب نےپاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس بنایا ہے۔