اٹک (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتا ب احمد نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ حکام اپنا کردار ادا کررہے ہیں تاکہ ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔ ہفتہ کوانہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی اوآفس اٹک میں منعقد ضلعی ترقیات بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں صوبائی وزراء چوہدری شیر علی، جہانگیر خانزادہ، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ملک شاویز خان، ملک ظفر اقبال ، ڈی سی او اٹک رانا اکبر حیات کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی او پلاننگ طارق محمود نے شرکاء کوتفصیلی ملٹی میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں تعلیم، صحت ، واٹر سپلائی ، اپ گریڈیشن ، روڈ ز کی بحالی اور مرمت کے علاوہ دیگر ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔ جن کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جارہا ہے۔شیخ آفتا ب احمد نے ہدایت دی کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت نہ بری جائے ۔ تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے اورانہیں ضلع بھر کی ترقیاتی سکیموں کے بارے میں وقتاً فوقتاً آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ منتخب نمائیندوں کے ہمراہ اپنی تحصیلوں کی ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیں اور انہیں بروقت مکمل کروائیں اس سلسلے میں ترقیاتی سکیموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
خبرنامہ
اسسٹنٹ کمشنرز منتخب نمائندوں کے ہمراہ ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لے کر بروقت مکمل کروائیں، شیخ آفتاب
