اسلام آباد ائیرپورٹ پر جہازوں کی چیک اے کی صلاحیت حاصل کر لی
اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے پی آئی اے کے شعبہ انجینئرنگ کی مینٹیننس صلاحیت بڑھانے کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کے پانچ سالہ پلان میں مجموعی خسارہ ختم کرنے اور پی آئی اے کو قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لئے ادارہ اپنے تمام صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے گا ‘ پی آئی اے انجنیئرنگ شعبے نے کراچی کے بعد اسلام آباد میں بھی بڑے جہازوں کی ’’چیک اے‘‘ کی صلاحیت حاصل کر لی ہے‘ پی آئی اے کے علاوہ دیگر ائیر لائن کے جہازوں کی اے چیکنگ کرتے ہوئے ایک سال کے دوران پی آئی اے انجینئرنگ نے ایک ارب روپے آمدن حاصل کی ہے ‘وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں پی آئی اے کی ری سٹرکچرنگ کرتے ہوئے بنیادی اور غیر بنیادی امور کے شعبوں کوالگ کیا جارہا ہے ‘پی آئی اے اب ویٹ لیز پر جہاز نہیں لے گی ‘لانگ لیز پر ایک 777بوئنگ طیارہ حاصل کر رہے ہیں‘مجموعی طور پر 32 جہاز پی آئی اے کے بیڑہ میں شامل ہیں ۔وہ منگل کو بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ایئر پورٹ اسلام آباد میں پی آئی اے کے شعبہ انجینئرنگ کی صلاحیت بڑھانے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الہی ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے مشرف رسول ‘چیف ٹیکنیکل آفیسر عامر علی کے علاوہ پی آئی اے اور ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلی حکام موجود تھے ۔وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب خان نے دیگر حکام کے ہمراہ چیک اے کے لئے گراؤنڈ کیے گئے جہاز 320کا معائنہ کیا اس موقع پر ہدایت دی کہ جہاز کے اندر مسافروں کے لئے آرام دہ اور صاف ستھری نشستیں ہونی چاہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافر پی آئی اے کے طرف راغب ہوں ۔پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے 2018ء کو بطور “ٹرن آراؤنڈفار پی آئی اے ” کے طور پر منائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے مشیر ہوا بازی سردار مہتاب خان کی خصوصی ہدایات پر کراچی کے بعداسلام آباد اور لاہور میں چیک اے کی صلاحیت حاصل کرنے کا ٹاسک سونپا گیا تھا ۔پی آئی اے کے شعبہ انجنیئرنگ کی دن رات محنت کے بعد پہلے مرحلے میں اسلام آباد ائیر پورٹ پر جہازوں کی چیک اے کی صلاحیت حاصل کر لی گئی ہے اور آج پہلے جہاز کی چیک اے ہونے کے بعد اڑان بھرنے کے لئے سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے ‘اگلے مرحلے میں لاہور میں چیک اے کی صلاحیت حاصل کر لی جائے گی ۔وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب احمد خان نے پی آئی اے انجینئرنگ کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزارت سنبھالنے کے بعد کراچی کا پہلا دوہ کیا تو میرے سامنے بہت سے چیلنجز تھے لیکن میں نے یہ عہد کیا کہ پی آئی اے انتظامیہ اور افرادی قوت سے ملکر چیلنجز نے نبردآزما ہوں گے ‘آج کی یہ کامیابی ہمارے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں انجینئرنگ کا شعبہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ‘انجنیئرنگ شعبے کے ملازمین کو بہترین کارکردگی پر خصوصی مراعات بھی دیں جائیں گی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سول ایو ی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر مارشل (ر) عاصم سلیم کی عمر 60ہونے اور کنٹریکٹ کی مدت مکمل ہونے پر ان کی خدمات مزید نہیں لیں گئیں‘نئے ڈی جی سول ایوی ایشن کی تقرری کا عمل عنقریب شروع کریں گے ہماری کوشش ہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن پرائیویٹ سیکٹر سے لیں جو عالمی معیار کے مطابق کام کرتے ہوئے ادارے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی اہلیت رکھتا ہو۔سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ پہلی مرتبہ پی آئی اے کے انجنیئرنگ شعبے نے غیر ملکی ائیر لائنوں کے جہازوں کا کام کر کے ایک ارب روپے آمدن حاصل کی ہے ‘2017-18میں اس ضمن میں آمدن کا ہدف 1.4ارب رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ پی آئی اے ناکارہ جہاز کے انجن کو قوائد و ضوابط کے مطابق فروخت کر کے تقریبا 400 ملین روپے حاصل کیے ہیں۔