راولپنڈی/ اسلام آباد( ملت + آئی این پی ) پانی و بجلی کے وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وفاق پر یلغارکسی صورت قبول نہیں،عمران خان سیاسی حواری بنیں لیکن خونی تاتاری نہ بنیں،اسلام آباد کو بند کرنے کا مطلب مودی کی پشت پناہی کرنے کے مترادف ہے،پروان چڑھتی ملکی معیشیت پر کسی کو دھاوا نہیں بولنے دیں گے اور نہ ہی اسلام آباد کو بند ہونے دیا جائیگا،جڑواں شہروں کے عوام اور تاجرآئے روز کے دھرنوں سے تنگ آچکے ہیں ان کے تحفظات دور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ترجمان کے مطابق گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے جب بھارت کی طرف سے 6 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 7 ایٹمی دھماکے کرائے تو دشمن قوتوں کی طرح ملکی ترقی کے مخالفین نے بھی تنقید کی تھی کہ ایٹم بم ہمیں کچھ نہیں دیگا اور نہ ہی اس سے غریب کودو وقت کی روٹی ملے گی لیکن وقت نے ثابت کیا ہے کہ اگر ہمارے پاس ایٹم بم نہ ہوتا تو بھارت کب کا پاکستان پر حملہ کرچکا ہوتا اورتنقید کرنے والے غیر ملکی فنڈنگ کے سہارے چلنے والے یہ لوگ اپنے سسر کے جہاز میں بیٹھ کرسسرالیوں کے مہمان بن جاتے،اب بھی یہ لوگ سی پیک منصوبے کی کھلم کھلا مخالفت کررہے ہیں اور نہیں چاہتے کہ توانائی کے منصوبے مکمل ہوں ،یہ لوگ پاکستان کی مخالفت میں اس حد تک آگے جاسکتے ہیں کہ چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ پھوہڑ کے مال کے مہنگے ترین جہاز میں بیٹھ کرمفت کے سیر سپاٹے کرنے والے شخص کو ذرہ برابر بھی خیبر پختونخواہ کے عوام کے دکھ اور درد کا احساس نہیں ہے ان سے نیا خیبر پختونخواہ تو بن نہیں سکا اب بھی بڑی ڈھٹائی سے کہا جاتا ہے کہ ’’نیا پاکستان ،،بناؤں گا،دھرنا دینے سے صرف اتنی ہی تبدیلی آئی کہ شادی تو ہوگئی لیکن نبھاہ نہ ہوسکا،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان دھرنے کی ناکامی کے بعد خواتین کی بیساکھیوں کے سہارے کھڑے ہوکراور بدامنی پھیلانے کی سازش کرکے اسلام آباد میں داخل ہونے کی مشق کررہے ہیں اگر ان کے پاس کارکن ہوتے تو طاہرالقادری سے مدد کی بھیک نہ مانگتے،شیخ رشید کی خونی لال حویلی بھائیں بھائیں کررہی ہے وہاں کی ویرانی دور کرنے کیلئے عمران خان بڑے شوق سے جائیں ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا ،انہوں نے کہا کہ لندن پلان کی طرح اسلام آباد بند کرنے کا پلان بھی ناکام ہوگاکوئی محب وطن 2 نومبر کو2 نمبر کے ساتھ نہیں آئیگا،رذیل کو شریفوں کا لباس ملے گا اور نہ ہی بند رکے گلے میں کوئی موتیوں کا ہار ڈالے گا ،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ اسلام اور اسلام آباد کو کچھ نہیں ہوگا لیکن اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے والوں کی سیاست کا لنک ڈاؤن ہوجائے گا، کسی کو بد امنی پھیلانے یا عوام کے جان و مال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی،پارلیمنٹ اور ٹی وی اسٹیشن کی عمارت پر حملہ کرنے اور عدلیہ سمیت اہم قومی اداروں کی تضحیک کرنے والوں کو کھلا نہیں چھوڑا جائیگاکہ ان کے جی میں جو آئے ویسے ہی ہوجائے، ان کوجو اچھا لگے اسی کی تعریف کریں اور جو معیار پر پورا نہ اترے اس کی چوکوں اور چوراہوں پر کھڑے ہوکر پگڑیاں اچھالتے رہیں،چوہدری عابد شیر علی نے مذید کہا کہ جن کا جنم ہمیشہ روتے ہی گزرا ہو وہ کسی کی قدر نہیں کرسکتے،سچ کہاوت ہے کہ ’’ہیرے کی قدر جوہری ہی جانتا ہے۔محب وطن عوام اب کسی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
خبرنامہ
اسلام آباد کو بند کرنے کا مطلب مودی کی پشت پناہی کرنے کے مترادف ہے: عابد شیر علی
