خبرنامہ

اسلام آباد کے تمام رہائشی سیکٹر وں میں سرکاری کوٹے مقرر کئے گئے ہیں:‌شیخ آفتاب

اسلام آباد (ملت + آئی ا ین پی) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف 14 اور ایف 15 سمیت تمام سیکٹروں میں سرکاری کوٹے مقرر کئے گئے ہیں اور تمام قواعد کا جائزہ لینے کے بعد پلاٹ کی الاٹمنٹ ہوتی ہے‘ اگر کسی کے پاس کسی بے ضابطگی کے ثبوت ہیں تو ہم سے شیئر کریں اس پر کارروائی ہوگی۔جمعہ کو یہاں ایوان بالا میں ایف 14 اور ایف 15 میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے جاری ہونے والے خطوط میں بے قاعدگیوں سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سینیارٹی کی بنیاد پر پلاٹ الاٹ کئے جاتے ہیں۔ آج یہاں بات کی گئی کہ بعض سکیموں میں حق نہیں ملتا۔ ان سکیموں میں تین فیصد سرکاری کوٹہ ہوتا ہے۔ ان میں آدھا کوٹہ مخصوص لوگوں کے لئے ہوتا ہے۔ ہمیں 37 درخواستیں آئی ہیں۔ 36 پلاٹ دستیاب ہیں۔ باقی 22 پراسیس میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنی درخواستیں آئیں ہیں ان کے ملازمت کے حوالے سے تمام کوائف موجود ہوتے ہیں‘ درخواستیں پراسیس کرتے ہوئے بہت خیال رکھا جاتا ہے۔