خبرنامہ

اقتصادی اصلاحات کا آغاز کیا تو سیاست کا میوزیکل چئیرشروع ہوگیا۔احسن اقبال

اقتصادی اصلاحات کا آغاز کیا تو سیاست کا میوزیکل چئیرشروع ہوگیا۔احسن اقبال

کراچی(ملت آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 2013 میں جب حکومت سنبھالی تو ہمیں ایک ہچکولے کھاتی معیشت ملی اور جب پاکستان نے اقتصادی اصلاحات کا آغاز کیا تو سیاست کا میوزیکل چئیرشروع ہوگیا۔

کراچی میں سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے قیام پاکستان سے لے کر 70 سال صرف منصوبہ بندی میں گزارے اور جب بھی پاکستان میں اقتصادی اصلاحات کا آغاز کیا تو سیاست کو میوزیکل چئیر شروع کردیا گیا، ایک سیاسی جماعت کے دھرنے نے پاکستان کی ترقی کے 126 دن ضائع کردیئے، اس جماعت کے سربراہ سے کہا تھا کہ 3 روز تک دھرنا نہ دیا جائے لیکن درخواست نہ ماننے پر چین کے صدر کا دورہ منسوخ کرنا پڑا اور یہ دورہ پھر 8 ماہ تاخیر کا شکار ہو گیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2013 میں ہمیں ایک ہچکولے کھاتی ہوئی معیشت ورثے میں ملی، جب حکومت سنبھالی تو روزانہ کی بنیاد پر 18 سے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، امن و امان کی صورتحال بدترین ہونے کے باعث کراچی سے سرمایہ کار بھاگ رہے تھے۔ ان کاکہنا تھا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح امن و امان کا قیام تھی اور آج حالات بہتر ہونے کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار ملک میں آرہے ہیں جب کہ سرمایہ کاری کی وجہ سے ہی توانائی کے بہت سے پروجیکٹ لگ رہے ہیں،عوام اس بات کے معترف ہیں کہ 2013 کی نسبت کراچی کے حالات بہترین ہوگئے ہیں ، سندھ دھرتی میں 70 سال سے دفن کالا سونا (کوئلہ) بھی پروجیکٹ کے استعمال میں لایا جارہا ہے اب سندھ کا پسماندہ ترین علاقہ تھر ملک میں توانائی کا مرکز بننے جارہا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ 1947 سے 2013 تک 66 سال کے عرصے میں پاکستان میں 16 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی لیکن ہم 2014 سے 2018 تک 4 سال کے مختصر ترین عرصے میں نیشنل گرڈ میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی کو شامل کرکے جائیں گے یہ پاکستانی قوم کی سب سے بڑی کامیابی ہے اوریہ سب سی پیک منصوبے کی مرہون منت ہی سے ممکن ہوسکا۔