اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ خطے میں امریکی مشن کامیاب بنانے کیلئے بھاری قیمت چکائی ، نئی انتظامیہ سے بہتر تعلقات کی امید ہے ، روس کے ساتھ فوجی و اقتصادی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں ۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے ایک امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیکیورٹی ٹیم پاکستان کی قربانیوں سے اچھی طرح آگاہ ہے ، ٹرمپ انتظامیہ سے قریبی تعاون اور مل کر کام کرنا چاہتے ہیں ، دہشت گردی میں ملوث عناصر کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ، خطے میں امریکی مشن کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان نے بھاری قیمت ادا کی ہے ، طارق فاطمی نے کہا وزیر اعظم نواز شریف کے دور اقتدار میں پاک امریکا تعلقات میں بہتری آئی تاہم ایف 16 طیاروں اور فوجی ساز و سامان کے معاہدے متاثر ہونے سے تعلقات متاثر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف تمام ممالک سے معاشی روابط بڑھانا چاہتے ہیں ، اسی لیے پاکستان روس کے ساتھ فوجی و اقتصادی تعاون کو فروغ دے رہا ہے ۔
خبرنامہ
امریکی مشن کی کامیابی کیلئے بھاری قیمت چکائی؛ فاطمی
