اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے لاہور اور کوئٹہ دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کے دُشمنوں کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کاسفر ہضم نہیں ہو رہا اسی لیے انہوں نے ترقی وخوشحالی کو اس سفر کو ڈی ریل کرنے کی ناکام کوشش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں دُنیا بھر سے پاکستان کے لیے اچھی خبریں آ رہی ہیں،معیشت مستحکم ہو چکی ہے ، سرمایہ کاری میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کو دُنیا کی بہترین اسٹاک مارکٹیں کا درجہ حاصل ہو رہا ہے ۔ منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ دُنیا کے 37 ممالک کی بحری افواج پاکستان کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے بحرہ عرب میں امن مشقوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام ترصورت حال ایسی ہے جو دُشمن کو بے چین کیے ہوئے ہے اور انہیں سارے عمل کو سبوتاژ کرنے کی خاطر اُس نے پاکستان کے دل پر وار کیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک ہی دن لاہور اور کوئٹہ حملے اور ایل او سی بھمبر سیکٹر میں بھارتی بلااشتعال فائرنگ معنی خیز ہیں اور لگتا ہے کہ دُشمن نے پاکستان کو ایک دفعہ پھر غیر مستحکم کرنے کی منظم کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود بھارت کے فوجی جنرنیلوں نے پاکستان کے خلاف cold start doctrine کے تحت کاروائی کا اعتراف کیا ہے جس کے تحت وہ پاکستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کے لیے دہشت گردی کو ہوا دینے کی کوشش کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کلھبوشن یادیو کی سربراہی میں ایسے ہی ایک راء نیٹ ورک کو بے نقاب کیا گیا اور اس سے متعلق ثبوت اقوام متحدہ کے حوالے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ افسو س اس امر کا ہے کہ بھارت نے کبھی بھی پاکستان کو تہہ دل سے تسلیم نہیں کیا اور شروع دن سے پاکستان کو ایک truncated اور moth eaten پاکستان کے طور پر دیکھنے کے لیے اپنی مذموم کاروایاں شروع کردیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایل او سی پر حالات کشیدہ کرنے ،بلا اشتعال فائرنگ کے ذریعے نہتے سول آبادی کو نشانہ بنانے اور پاکستان میں تخریبی کاروائیوں کوہوا دینے جیسے اقدامات خطے میں قیام امن کی کوششون کو شدید دھچکہ ہیں۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ بھارت کا incrediable india بننے کا خواب اُس وقت تک پورا نہیں ہوسکتا جب تک وہ خطے میں قیام امن کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کرتا اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں استصواب رائے کا حق نہیں دے دیتا۔انہوں نے لاہور اور کوئٹہ بم دھماکوں میں شہید ہونے والے پولیس کے افسران اور اہلکاروں کے خاندان سے گہری تعزیت کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اُن کے ساتھ ہے۔
خبرنامہ
امن کے دُشمنوں کو پاکستان کو ہائی جیک کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: برجیس طاہر
