اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کیلئے موجودہ حکومت کی انتھک کاوشیں اور لگن کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں، بجلی کے بڑے بڑے منصوبہ جات کے ساتھ ساتھ ملکی اور علاقائی مواصلاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جس سے ملک کا منظر نامہ اور مقدر یکسربدل جائے گا۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو رکن قومی اسمبلی (این اے 162ساہیوال) چوہدری محمد طفیل سے ایوان وزیراعظم میں ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی اورفلاحی سکیموں کا مقصد عوام کی سماجی و اقتصادی بہبود اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اورخوشحال ملک بنانا ہے جہاں ہر شہری کو یکساں مواقع دستیاب ہوں۔ وزیراعظم نے اس امر پر زوردیا کہ عوام کے نمائندوں کو اپنے حلقے کے لوگوں کے ساتھ فعال رابطہ رکھنا چاہئے تاکہ وہ انہیں درپیش مسائل سے آگاہ ہوں اور ان کے حل کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ چوہدری محمد طفیل نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک کو کئی چیلنجز درپیش تھے لیکن قیادت نے ان چینلجز سے مادر وطن سے کامیابی سے نکالا ہے اور مسائل پر قابو پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک بھرمیں توانائی اورشاہراتی ڈھانچے کے بڑے منصوبے شروع کئے۔ رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کی مجموعی سلامتی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جو موجودہ حکومت کی شاندارکارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پراعتماد ہیں کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ایک جدید، جمہوری اور ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل ہوگا۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے ریونیوچوہدری محمد ارشد جٹ بھی موجود تھے۔