خبرنامہ

انسانی اعضاء کی پیوند کاری سے متعلق بل پیش…

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے قومی اسمبلی کو یقین دلایا ہے کہ انسانی اعضاء و عضلات کی پیوند کاری کے حوالے سے بل آئندہ اجلاس میں ایوان میں پیش کردیں گے‘ انسانی اعضاء کے عطیہ کئے جانے سے زبردستی اور غیر قانونی طریقوں سے اعضاء لینے کا سدباب ہو سکے گا۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں کشور زہرا نے تحریک پیش کی کہ انسانی اعضاء و عضلات کی پیوندکاری (ترمیمی) بل 2016ء زیر غور لایا جائے۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ٹرانسپلانٹ کا ادارہ ’’ اوٹا‘‘ کچھ دن قبل ہی وزارت صحت کے پاس آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی نے اس بل پر تفصیلی غور کیا ہے۔ اس بل کو قائمہ کمیٹی برائے صحت کے سپرد کردیا جائے تاکہ ایک مرتبہ پھر اس کا جائزہ لیا جائے۔ اس بل کے تحت نادرا کارڈ میں ایک شق شامل کرنا مقصود ہے تاکہ کوئی بھی شخص جو حادثے کا شکار ہو جائے وہ اپنے اعضاء کو عطیہ کرسکے۔ کشور زہرا نے کہا کہ لائسنس اور آئی ڈی کارڈ پر Yes or No کا آپشن دے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاش سے 17 اعضاء لئے جاسکتے ہیں جن سے کئی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔ قانون موجود ہے اس میں ترمیم مقصود ہے۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ اس معاملے میں نادرا سب سے بڑا فریق ہے بل مثبت ہے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ یہ اہم مسئلہ ہے۔ ہمارے ملک میں ملاوٹ اور مضر صحت پانی کی وجہ سے لوگوں کے گردے ختم ہو رہے ہیں۔ اس بل کو منظور کرکے سینٹ کو بھجوا دیا جائے۔ بچے اغواء کرکے گردے نکال دیئے جاتے۔ ہر آدمی کو اپنے اعضاء عطیہ کرنے کی وصیت کا اختیار ہونا چاہیے۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑنے کہا کہ یہ ادارہ اب ہمارے پاس آیا ہے بل پر غور کے لئے ہمیں تھوڑا وقت درکار ہے تاکہ وزارت صحت بل کا تفصیلی جائزہ لے سکے۔ وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ اصولی طور پر اعضاء کا عطیہ کرنے کے حوالے سے بل بہت اہم ہے۔ شناختی کارڈ پر ایک انٹری لانی ہے تھوڑا موخر کیا جائے۔ علی رضا عابدی نے کہا کہ تمام شناختی کارڈ تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہے جس کی خواہش ہو وہ اپنا آئی ڈی کارڈ تبدیل کرا سکتا ہے۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ہمیں اس بل کے بارے میں اب پتہ چلا ہے کچھ مزید غور کرنے میں کوئی حرج نہیں ہوگا۔ بابر نواز نے کہا کہ انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی میں فاضل رکن نے بات کی تھی۔ چار پانچ اجلاسوں میں ہم نے بعض ترامیم بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی بل بھی لایا جارہا ہے۔ چند دنوں میں ہمارا بل بھی آجائے گا۔ تمام ارکان اس کی سپورٹ کریں۔ کشور زہرا نے کہا کہ حکومت نے بل کی مخالفت نہیں کی۔ بابر نواز نے غیر قانونی خرید و فروخت کے نیٹ ورک کو توڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بابر نواز نے کہا کہ ہمارا بل قائمہ کمیٹی برائے صحت میں جائے گا اس میں بھی شناختی کارڈ والی شق شامل ہے۔ کشور زہرا نے کہا کہ انہیں بل پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ بل کسی کا بھی ہو کریڈٹ فاضل رکن کو جائے گا۔ بار بار ترامیم سے بچنے کے لئے ایک ہی مرتبہ جامع بل لایا جائے۔ آئندہ اجلاس میں اس بل کو لے آئیں گے۔ کشور زہرا نے کہا کہ ایک رکن نے اگر ترمیم دی ہوئی ہے تو اس کو روکنا نہیں چاہیے۔ ڈپٹی سپیکر نے بل کو نیشنل ہیلتھ سروسز کی کمیٹی کے سپرد کردیا۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ایوان کو یقین دلاتے ہیں کہ آئندہ سیشن تک ایوان میں لے آئیں گے۔