خبرنامہ

انشا اﷲ لوڈشیڈنگ ماضی کا قصہ بن جائے گی: وزیراعظم

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ انشاء اﷲ لوڈشیڈنگ ماضی کا قصہ بن جائے گی ،گزشتہ بیس برس میں توانائی کے نئے منصوبے شروع نہیں ہوئے ،حکومت پہلے دن سے ہی بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے،خوشی ہے کہ ہم درست سمت میں گامزن ہیں،مستقبل کی نسلوں کے لئے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں، بجلی کی فراہمی کے لئے ماضی کی حکومتوں نے فرائض ادا نہیں کئے، 2017 اور مارچ 2018 کے درمیان توانائی منصوبوں سے حاصل بجلی نظام میں شامل ہوگی۔منگل کو وزیراعظم کی صدارت میں کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا‘ اجلاس میں جاری توانائی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کے امور کا جائزہ لیا گیا‘ اجلاس میں بتایا گیا پانی ‘ کوئلے اور گیس سے چلنے والے بجلی گھروں کی تکمیل سے خاطر خواہ بجلی نظام میں شامل ہوگی‘ اجلاس میں مستقبل کے توانائی منصوبوں پر بھی غور کیا گیا‘ اجلاس میں نئی ٹرانسمیشن لائنز بچھانے سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ بجلی کی تقسیم کے نظام میں رکاوٹوں کو دور کیا جارہا ہے۔ صارفین کو بجلی کی بلا معطل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کی بہترین کارکردگی پر تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2018 کے آخر میں مہنگی بجلی پر انحصار کم ہوجائے گا، اقتدار سنبھالا تو حکومت کو بجلی کا شدید بحران کا سامنا تھا ،آج توانائی کی صورتحال نمایاں طور پر بہتر ہے ،صنعتوں کے لئے لوڈشیڈنگ زیرو ہے ۔دیہی اور شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں کمی آئی ہے۔ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ اضافی بجلی پیدا کرنے سے ملک میں مستقبل کی ضروریات پوری ہوں گی۔ موجودہ حکومت کے اقدامات کو دنیا بھر میں پذیرائی حاصل ہورہی ہے ۔گزشتہ بیس برس میں توانائی کے نئے منصوبے شروع نہیں ہوئے ۔موجودہ حکومت نے بجلی کے منصوبے شروع کرنے کی مثال قائم کی ہے۔ حکومت پہلے دن سے ہی بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے۔ حکومت قومی نظام میں وافر بجلی شامل کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔عوام کو سستی بجلی فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ خوشی ہے کہ ہم درست سمت میں گامزن ہیں۔ انشاء اﷲ لوڈشیڈنگ ماضی کا قصہ بن جائے گی ۔مستقبل کی نسلوں کے لئے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ بجلی کی فراہمی کے لئے ماضی کی حکومتوں نے فرائض ادا نہیں کئے۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے اجلاس کو توانائی کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گردشی قرضے ختم اور وصولیاں اطمینان بخش ہیں لائن لاسز کم کئے گئے ہیں تقسیم و ترسیل کے منصوبے جاری ہیں۔ (ن غ)