اسلام آباد :(ملت آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں2018ء کے میٹرک سے پی ایچ ڈی سطح کے داخلے جاری ہیں۔ یونیورسٹی نے داخلے کے خواہشمند افراد کی سہولت کے لئے اسلام آباد میں واقع یونیورسٹی کے مین کیمپس اور ملک کے مختلف شہروں میں قائم یونیورسٹی کے 44 علاقائی دفاتر اور 100 سے زائد رابطہ دفاتر میں ’’سیل پوائنٹس برائے داخلہ فارم و پراسپکٹس‘‘ قائم کردئیے ہیں۔ علاقائی کیمپسز اور رابطہ دفاتر کے ایڈریسز اور فون نمبرز یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk سے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں داخلے کا اشتہار اور میرٹ کی بنیاد پر داخلوں کی تفصیل بھی یونیورسٹی ویب سائٹ پر دستیاب ہے، تمام پروگرامز کے داخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ یہ اعلان شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر سیّد ضیاء الحسنین نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ داخلہ فارم مع مقررہ فیس بینک الفلاح، حبیب بینک لمیٹڈ، فرسٹ ویمن بینک اور الائیڈ بینک کی تمام اور نیشنل بینک آف پاکستان اور مسلم کمرشل بینک کی نامزد کردہ برانچوں میں جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ نامزد شاخوں کی تفصیلات پراسپکٹس میں درج ہیں اور علاقائی دفاتر سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔ طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی فیس خود بینک میں جمع کرائیں۔ فیس بینک ڈرافٹ/پے آرڈر کی صورت میں قبول نہیں کی جائے گی۔
خبرنامہ
اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2018ء کے میٹرک سے پی ایچ ڈی سطح کے داخلے جاری
