لاہور: (ملت آن لائن) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیم بروقت نہ کی گئی تو عام انتخابات کی منزل دور جاسکتی ہے۔ جاتی امرا لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نوازشریف تحفظات کے باوجود عدالت میں پیش ہورہے ہیں اور آئندہ بھی پیش ہوتے رہیں گے، تاہم مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ناانصافی اور قیادت کو ناجائز شکنجے میں جکڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ جلسے کرنے والا آدمی بہت جلدی میں ہے جبکہ سیاست کے آئن سٹائن زرداری صاحب اور جلسے والے شخص کو مشورہ ہے کہ گالیاں اور جلسے بعد میں کرلینا پہلے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیم کرلو، اگر ایسا نہ کیا تو عام انتخابات کی منزل دور جاسکتی ہے، نئی حلقہ بندیوں سے متعلق پی پی پی اور پی ٹی آئی کا مشتبہ رویہ ناقابل فہم ہے، عمران کا ایجنڈا پتہ ہے لیکن زرداری نامعلوم ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔
خبرنامہ
آئینی ترمیم نہ کی تو الیکشن ملتوی ہوسکتے ہیں، سعد رفیق
