خبرنامہ

اٹک میں ترقیاتی سکیموں کا جال بچھادیا گیا ہے: شیخ آفتاب احمد

اٹک (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ضلع میں ترقیاتی سکیموں کا جال بچھادیا گیا ہے اور ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ، یہ ترقیاتی کام مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ عوام ان سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں، ضلع بھر کے ایم این ایز اور ایم پی ایز ، صوبائی وزراء اور دیگر تمام متعلقہ افسران ان ترقیاتی سکیموں کا ذاتی طور پر معائنہ کریں اور انہیں بروقت مکمل کریں ، اس کے علاوہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں ۔ وہ منگل کو ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں ضلعی ترقیاتی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ ممبر قومی اسمبلی ملک اعتبار خان، صوبائی وزراء چوہدری شیر علی، جہانگیر خانزادہ ، ممبران صوبائی اسمبلی شاویز خان، ملک ظفر اقبال ، ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات ، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ طارق جمیل نے کہا کہ ضلع بھرمیں صوبائی اے ڈی پی پروگرام کے تحت صوبائی بلڈنگز کی 35سکیمیں جاری ہیں جن پر 1221.820ملین روپے لاگت آئے گی۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی بحالی اور مرمت کی بارہ سکیمیں جاری ہیں جن پر 4496.446ملین لاگت آئے گی۔ فزیکل ہیلتھ کے تحت اٹھارہ سکیمیں جاری ہیں جن پر 1343.444ملین روپے لاگت آئے گی۔ لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈولپمنٹ کے تحت جاری دو سکیموں پف 114.524ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ ایجوکیشن کی ایک سکیم پر 11.415ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ اس کے علاوہ دیگر سکیموں میں صحت اورتعلیم بھی شامل ہیں، خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے پنجاب دیہی روڈ پروگرام کی سکیمیں بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ اس پروگرام کے تحت ضلع بھر میں سڑکوں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے جاری ترقیاتی سکیموں کے مطابقNA-57 میں 235سکیمیں جاری ہیں جن پر 559.739ملین روپے لاگی آئے ہے ۔ NA-58میں 347سکیمیں جاری ہیں جن پر 400.151ملین روپے۔ اNA-59کی 189سکیموں پر 417.087ملین روپے لاگت آئے گی۔ وزیر اعلیٰ ترقیاتی پیکج کے تحت سات سکیمیں جاری ہیں جن پر 43.017روپے لاگت آئے گی۔ ضلعی ترقیاتی پروگرام کے تحت 27سکیمیں مکمل کرلی گئی ہیں جن پر 125ملین روپے لاگت آئی ہے۔ کمیونٹی ڈولپمنٹ پروگرام کے تحت 40سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جن پر 171.388ملین روپے لاگت آئی ہے، کمیونٹی پروگرام 2016-17کے تحت بارہ سکیمیں جاری ہیں جن پر 154.301ملین روپے لاگت آئی ہے۔ پنجاب ایجوکیشن سیکٹر ریفارمز پروگرام کے تحت 228سکیمیں جاری ہیں جن پر 408ملین روپے لاگت آئی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ نے کہا کہ تمام سکیموں کو بروقت مکمل کرلیا جائے گا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امورشیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ضلع بھر کے ایم این ایز اور ایم پی ایز ، صوبائی وزراء اور دیگر تمام متعلقہ افسران ان ترقیاتی سکیموں کا ذاتی طور پر معائنہ کریں اور انہیں بروقت مکمل کریں ۔ اس کے علاوہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ضلع اٹک کے ترقیاتی کاموں کے لیے خطیر رقوم مہیا کی ہیں جو عوامی ترقی و فلاح و بہبود کے لیے خرچ کی جارہی ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسرا ن کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں کی منتخب سیاسی قیادت کے ساتھ ان ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کے لیے رابطے میں رہیں اور اعلیٰ افسران کو روزانہ کی بنیاد پر ان ترقیاتی سکیموں کے متعلق رپورٹ فراہم کریں۔