اسلام آباد (ملت آن لائن،اے پی پی)وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بھارت ہماری معیشت کی ترقی کو روکنا چاہتا ہے اور اپوزیشن بھی اسی ایجنڈے پر چل رہی ہے۔ ہم نے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے پیپلز پارٹی کی حکومت کے سامنے دس نکاتی اقتصادی ایجنڈا رکھا اور اب بھی میثاق معیشت کی پیشکش کی ہے۔ شاہ محمود قریشی 1985ء میں ہمارے ساتھ پنجاب اسمبلی کے رکن تھے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں خورشید شاہ اور شاہ محمود قریشی کے نکتہ ء اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایوان میں بات کرنا چاہتے ہیں انہیں کس نے روکا ہوا ہے۔ 20 کروڑ عوام کی بہتری کے لئے انہوں نے تجاویز دینی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک فاضل پارلیمانی لیڈر 85 ء سے ہمارے ساتھ ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ انہوں نے جمہوریت کے لئے کتنی قلا بازیاں لگائی ہیں۔ صرف ٹی وی پر نہ دکھانے کی بات پر اہم قومی مفاد کو نظر انداز کرنے کا کیا جواز بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو بھارت کے ایجنڈے کو تقویت دینے کے اقدامات سے گریز کرنا چاہئے۔ پاکستان کا جی ڈی پی بہتر ہوا ہے۔ معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حزب اختلاف سے بات کی کہ اگر اپوزیشن لیڈر ٹی وی پر براہ راست تقریر کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں منظور ہے مگر ہمیں کہا گیا کہ اب معاملات بہت آگے بڑھ گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور خورشید شاہ کی جمہوریت کے لئے ایک تاریخ ہے۔ انہیں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ہم اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے بات کرنے اور ان کی تجاویز سننے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا رویہ ’’نہ مانوں‘‘ والا ہے تو ہم کیا کر سکتے ہیں۔ حکومتی نشستوں پر براجمان ارکان اسمبلی بجٹ تقاریر میں آزادی سے بات کر رہے ہیں۔ پاکستانی معیشت کی ساری دنیا تعریف کر رہی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ اپوزیشن بجٹ میں اپنا کردار ادا کرے۔ قابل عمل سفارشات پر پہلے بھی عمل ہوا ہے۔
خبرنامہ
اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے، بات کرنے اور ان کی تجاویز سننے کے لئے تیار ہیں،رانا تنویر حسین
