خبرنامہ

اہلِ قلم کو اشاعتِ کتب میں سہولت اور رائلٹی دیں گے: عرفان صدیقی

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے اہل قلم کو کتابوں کی اشاعت میں سہولت دیں گے اور مصنفین کو رائلٹی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کریں گے ، تین روزہ قومی کتاب میلے کے آخری روز پیر کو ’’سفیران کتاب‘‘ کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اہلِ قلم ، ادیبوں ، دانشوروں اور شاعروں کی علمی و ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’دارالترجمہ‘‘ نہ صرف قائم کر دیا گیا ہے بلکہ اس نے اپنا کام بھی شروع کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لکھاریوں اور اہل قلم تک رسائی کے لئے اکادمی ادبیات کے دفاتر کو وسعت دے رہے ہیں اور پشاور میں بھی اکادمی کا دفتر جلد قائم کر رہے ہیں۔ اس سے قبل ملتان میں یہ پہلے ہی قائم ہو چکا ہے۔ عرفان صدیقی نے سفیران کتاب کی اسلام آباد آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دعوت دی کہ وہ اپنی تجاویز اور سفارشات براہ راست انہیں بھجوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے تحت مختلف اداروں کی فعالیت کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں لیکن علم و ادب کے لیے غیر سرکاری اداروں کو بھی ہم اپنے ڈویژن کا ہی حصہ تصور کرتے ہیں کیونکہ ہم سب کا مقصد اور ہدف ایک ہی ہے۔ مشیر وزیراعظم نے کہا کہ علم و ادب کا فروغ ، کتاب دوستی اور مطالعے کی عادت عام کرنا ایک قومی فریضہ ہے بالخصوص ہمیں اپنے نوجوانوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خیالات کا دھارا مثبت خطوط پر استوار ہوا اور اعلیٰ اوصاف ان کی شخصیت و کردار کا حصہ بنیں۔