اقوام متحدہ (ملت آن لائن + آئی این پی) اقوام متحدہ میں اعلیٰ پاکستانی سفارتکار نے کہا کہ ’’ تمام بنی نوع انسان کے لئے مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی ‘‘ تعمیر کرنے کا چینی تصور اقوام متحدہ ( یو این ) کے منشور کے بنیادی اصولوں سے ہم آہنگ ہے ، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل نمائندہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک قرارداد میں چینی تصور کے حالیہ ذکر کا مطلب عالمی گورننس میں چینی کردار کو بین الاقوامی طورپر وسیع پیمانے پر تسلیم کرنا ہے ، یہ تصور نومبر 2012ء میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کی 18ویں قومی کانگرس کی رپورٹ میں پہلی مرتبہ پیش کی گئی تھی ، بعد کے برسوں میں چینی صدر شی چن پھنگ نے مختلف موقعوں پر اس تصور کا ذکر کیا اور وضاحت کی ، ستمبر 2015ء میں شی نے اقوام متحدہ کی سربراہی اجلاس میں ’’ تمام بنی نوع انسان کیلئے مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی ‘‘ کی تشکیل کا روڈ میپ تجویز کیا ، جنوری 2017ء میں انہوں نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں جامع، گہرے اور منظم طریقے سے اپنے تصور کی زیادہ وضاحت کی ، 17مارچ کو چینی تصور کو پہلی مرتبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں شامل کیا گیا ، پاکستانی مندوب نے کہا کہ یہ ایک ایسا نظریہ ہے کہ جو تمام لوگوں کو اکٹھا کرتا ہے جو تمام لوگوں کی ترقی کو ہماری مشترکہ انسانیت کے مفاد میں سمجھتا ہے ، یہ ایک ایسا تصور ہے جو ان بنیادی اصولوں کو آگے بڑھاتا ہے جنہوں نے ہمیں اقوام متحدہ میں اکٹھا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کو آگے بڑھانے کا مقصد اس امر کو بھی یقینی بنانا ہے کہ ہم آج تک جن تمام ترقیاتی منصوبوں پر دستخط کئے اور ہمارا ترقیاتی ایجنڈا ایک ایسا مشن ہے جسے ہم حقیقی معنوں میں پایہ تکمیل تک پہنچا سکتے ہیں ۔مزید برآں چینی تصور موجودہ دور سے انتہائی متعلقہ ہے ، آج کل کی دنیا میں تجارتی تحفظاتی اقدام اور عالمگیریت مخالفت کے رجحان دیکھنے میں آرہے ہیں ، ہمیں بعض رجحانات سے تکلیف پہنچی ہے جن کے تحت بعض ممالک تجارتی تحفظاتی اقدامات کی جانب دیکھ رہے ہیں ، آزادانہ بین الاقوامی اقتصادی نظام کو درہم برہم کررہے ہیں اس نظام کی وجہ سے دنیا بھر میں بہت سے عوام انتہائی خوشحالی کے قریب آ گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عالمگیریت کے بارے میں رجحان کو تبدیل کرنے کامطلب تمام عوام کی اقتصادی خوشحالی کو تبدیل کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس تصور کا خیرمقدم کرتے ہیں ، ہم اس کی حمایت کرتے ہیں ، ہم اس منصوبے کا انتہائی حصہ ہیں کیونکہ ہمارا خیال ہے کہ ا س سے ہمارے خطے اور اس سے آگے کے تمام عوام مستفید ہوں گے ۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ میرے خیال میں یہ تحریک ہر ایک کے لئے مساویانہ ہے ، یہ ایسی تحریک ہے جس سے اس خیال کو تقویت پہنچانے میں مددملے گی کہ ہمارا مشترکہ مستقبل ہے اگرچہ ہمیں مشترکہ چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن ہمارے پاس مشترکہ مواقع بھی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان کا مشن اقوام متحدہ کی تمام متعلقہ اجلاسوں اور بحث و تمحیص میں اپنے بیانات میں چینی تصور کو شامل کرے گا ۔ملیحہ لودھی جو اقوام متحدہ میں پاکستان کی پہلی خاتون مندوب ہے جو دو مرتبہ1993-1996،1999-2002 ء امریکہ میں پاکستان کی سفیر رہ چکی ہیں ، اس کے علاوہ وہ برطانیہ میں (2003-2008) میں ہائی کمشنر رہ چکی ہیں ۔
خبرنامہ
اہم چینی تصور اقوام متحدہ کے منشور سے ہم آہنگ ہے ، پاکستانی مندوب
