اسلام آباد(ملت + آئی این پی) وزیر مملکت برائے تعلیم محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ بورڈ کی طرف سے طلبا کو اعلیٰ تعلیم کیلئے قرضہ حسنہ دیا جائے گا،اس وقت تک کیلئے جب تک وہ کمانے کے قابل نہیں ہوجاتے،پاکستان میں پہلے کچھ بڑے مگر مچھوں نے اپنے اثر ورسوخ استعمال کرکے قرضے معاف کرائے ہیں،ہم نظام کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں،آج پاکستان سے مایوسی کے بادل چھٹ رہے ہیں،پاکستان میں کرپشن کی ریٹنگ کم ہورہی ہے،اداروں نے بہتر کام کرنا شروع کردیا ہے۔وہ جمعرات کو فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ و سکینڈری ایجوکیشن میں سال 2015کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ پہلے پوزیشن ہولڈر ز کو صرف دو لیپ ٹاپ دیئے جاتے تھے،اب سات مختلف گروپس میں پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والوں کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے،اسی طرح نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کیلئے سکالر شپ بڑھا کر میٹرک کیلئے 25ہزار سالانہ اور انٹرمیڈیٹ کیلئے 50ہزار سالانہ کردی ہے۔انہوں نے کہاکہ انعام کی رقوم بھی بڑھا کر میٹرک کیلئے فرسٹ پوزیشن ہولڈر کو ایک لاکھ ،سیکنڈ پوزیشن کو 75ہزار اور تھرڈ پوزیشن ہولڈر کو 50ہزار روپے دیئے جائیں گے،اس طرح انٹرمیڈیٹ میں بھی بالترتیب 2لاکھ،ڈیڑھ لاکھ اور ایک لاکھ پوزیشن حاصل کرنے والوں کو دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا کی حوصلہ افزائی کیلئے مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے جن میں بچوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبوں کی مدد کرنا بھی وفاق کی ذمہ داری ہے،ہم تمام صوبوں کے ساتھ مل کر تعلیمی نظام کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،آج پاکستان کو دنیا بھر میں اہمیت حاصل ہوتی جارہی ہے،ہم کرپشن کے سخت خلاف ہیں،آج توانائی کے شعبوں میں کام ہورہا ہے،بجلی بہتر ہورہی ہے،بجلی کی قیمتیں بھی کم ہوتی جارہی ہیں،امن و امان کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے۔اس موقع پر انہوں نے سال 2015میں فیڈرل بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے ۔
خبرنامہ
ایجوکیشن بورڈ کی طرف سے طلبا کو اعلیٰ تعلیم کیلئے قرضہ حسنہ دیا جائے گا،بلیغ الرحمان