خبرنامہ

ایسٹر سے قبل 423مسیحی خاندانوں میں بلا سود قرضے فراہم کرنے پر ادارہ اخوت کے مشکور ہیں

فیصل آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وفاقی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سینیٹر کامران مائیکل نے کہاہے کہ ایسٹر سے قبل 423مسیحی خاندانوں میں بلا سود قرضے فراہم کرنے پر ہم ادارہ اخوت کے مشکور ہیں ،ادارہ اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب اورریجنل چیئرمین پرویز خالد شیخ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وہ ہفتہ کو فرسٹ پریسبٹرن چرچ ریلوے روڈ پر مسیحی خاندانوں میں بلا سود قرضے دینے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر پندرہ ملین سے زائد کی رقم کے چیک مسیحی برادری میں تقسیم کیے ۔ تقریب کا اہتمام ادارہ اخوت نے وزیراعلیٰ خود روز گارسکیم کے اشتراک سے کیاتھا۔ تقریب کے میزبان اخوت کے ریجنل چیئرمین پرویز خالد شیخ نے کہاکہ لاہور ،راولپنڈی اور فیصل آباد میں مسیحی برادری کو بلا سود قرضے فراہم کردیئے ہیں اس کے بعد ملک کے تمام اضلاع بھی بلا سود قرضے فراہم کرنے کے لیے اقتدامات کیے جائیں گے تاکہ غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ ہوسکے انہوں نے کہا کہ فلاحی تنظیم اخوت ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں اب تک اٹھارہ لاکھ خاندانوں میں چالیس ارب روپے سے زائد رقم بطور قرض حسنہ عوام میں تقسیم کی جاچکی ہے اس موقع پر انہوں نے سکول کے بچوں میں سکول بیگ بھی تقسیم کیے تقریب سے اے ڈی سی فنانس میاں آفتاب ، ایم پی اے شکیل مائیکل ، طارق گل ، بیرسٹر امجد ملک، سابق ایم پی اے طاہر نوید ، بشپ شمس پرویز ، اخوت کے ایرایا مینجر انور یوسف اور سرفراز احمد کے علاوہ ریجنل مینجر خالد محمود ،چوہدری صائم اور ادارہ اخوت فیصل آباد کے تمام ایریا مینجرز اور برانچ مینجرز نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔