لاہور۔10 اکتوبر(اے پی پی )ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کو جنوبی ایشیاء کا بہترین وزیر خزانہ کا ایوارڈ ملنے پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس انعام کے حقدار ہیں کیونکہ انہوں نے ایک ڈوبتی ہوئی معیشت کو نہ صرف مسائل سے نکالا بلکہ اسے ترقی کے راستے پر بھی ڈال دیا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ کو انعام ملنا صرف انکا نہیں بلکہ ساری پاکستانی قوم کا اعزاز ہے۔ عبدالرؤف عالم نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری پہلے ہی وفاقی وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار کی صلاحیتوں کی معترف ہے جبکہ دنیا کے درجنوں اہم اداروں نے انکی کامیاب اقتصادی پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کی ہے جو ہمارے لئے فخر کا مقام ہے۔ اب انہیں ایک اور انعام دیا گیا ہے جو انکی پالیسیوں پر بین الاقوامی اداروں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ کی پاکستان کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور انھیں وزیر اعظم سمیت پوری کابینہ کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ انکی شبانہ روز کوششوں کے سبب معیشت مستحکم ہو رہی ہے جسے بین الاقوامی سطح پر تسلیم بھی کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سٹاک مارکیٹوں میں انضمام ہو گیا ہے، زر مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، روپے کی قدر برقرار ہے جبکہ ملکی قسمت بدلنے والے منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری پر کام جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھے گی تاکہ پاکستان ایک اہم اقتصادی قوت بن کر ابھر سکے۔
خبرنامہ
ایف پی سی سی آئی کی محمد اسحاق ڈار کو جنوبی ایشیاء کا بہترین وزیر خزانہ کا ایوارڈ ملنے پرمبارکباد
