این آر او پر یقین نہیں رکھتے، احسن اقبال
پشاور:(ًلت آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ این آر او کی باتیں بے تکی ہیں ہم این آر او پر یقین نہیں رکھتے۔ تہکال پشاور میں نادرا کے میگاسینٹر کے افتتاح کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم این آر او پر یقین نہیں رکھتے، یہ سب باتیں بے تکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی مردم شماری کے بغیر الیکشن آئینی اور سیاسی مسائل پیدا کر سکتا ہے، مردم شماری حکومت اور فوج نے مل کر کی ہے اس لیے اس پر عمل بھی ہونا چاہیے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے لوگوں کی کردار کشی کا نیا ٹرینڈ متعارف کیاہے، پی ٹی آئی کے پڑھے لکھے نوجوان سوشل میڈیا پر گالیاں دے رہے ہیں۔انھوں نے کہاکہ پاناما لیکس میں نواز شریف کے علاوہ کسی کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی،احتساب عدالت کیس کی رینجرز اپنی انکوائری کر رہی ہے اس میں جو بھی ملوث ہوگا اس کے خلاف محکمانہ کاروائی ہوگی۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹرمشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے حوصلے بلند ہیں اور ابھی تک سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سمیت کسی کو بھی یہ سمجھ نہیں آرہی کہ انہیں کن گناہوں کی سزا دی جارہی ہے۔ منگل کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کرپشن کا کیس نہیں ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کو کرپشن کی بجائے اقامہ پر سزا دی ہے، وہاں سے انہیں کلین شیٹ بھی مل گئی ہے۔مشاہداللہ خان نے کہا کہ ہماری نظر میں نواز شریف نے جو گناہ کئے ہیں وہ یہ ہیں کہ نواز شریف نے پاکستان کا وقار بلند کیا ، پاکستان سے اندھیروں کو مٹایا ،دہشت گردی کو ختم کیا ،سڑکیں بنائیں،موٹرویز بنائے، ایئرپورٹ بنائے،سٹاک ایکسچینج ،جی ڈی پی اور تمام اکنامک اشاریے مثبت ہیں اور اسے ساری دنیا مانتی ہے۔