خبرنامہ

بجلی فراہمی کا منصوبہ دو مراحل میں مکمل

اسلاام آباد (ملت + آئی این پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع ژوب کو بجلی کی فراہمی کا منصوبہ دو مراحل میں مکمل کیا جارہا ہے۔ اس وقت چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سے آزمائشی پیداوار جاری ہے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سے 320 میگاواٹ پیداوار دسمبر میں شروع ہو جائے گی‘ چشمہ ڈی آئی خان ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن پر کام شروع ہو چکا ہے‘ ڈی آئی خان سے ژوب تک ڈبل سرکٹ ٹررانسمیشن لائن کا کام اکتوبر 2018ء تک مکمل ہو جائے گا۔ جمعہ کو ایوان بالا میں سینیٹر عثمان کاکڑ اور دیگر ارکان کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ژوب کو بجلی کی فراہمی کا منصوبہ دو مراحل میں مکمل کیا جارہا ہے۔ اس وقت چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سے آزمائشی پیداوار جاری ہے۔دسمبر میں یہ منصوبہ مکمل پیداوار شروع کردے گا۔ چشمہ سے ڈی آئی خان تک ڈبل ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا کام شروع ہو چکا ہے۔ یہ 84 کلو میٹر طویل لائن ہے‘ منصوبہ وقت پر مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا مرحلہ ڈی آئی خان سے ژوب تک ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کا ہے جس کی لمبائی 220 کلو میٹر ہے۔ اس پر بھی پیشرفت جاری ہے اور اس کے پی سی ون کی ایکنک نے منظوری دیدی ہے جس پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 6 ارب 62 کروڑ پچاس لاکھ روپے ہے۔ اس کا ٹینڈر جاری کیا جارہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ 220 کے وی کا ایک گرڈ سٹیشن بھی قائم کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ اکتوبر 2018ء تک مکمل کرلیا جائے گا۔