خبرنامہ

بجلی چوروں کے خلاف ملک بھر میں بلا امتیاز آپریشن ہو رہا ہے

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سو سے زیادہ ملازمین کو کرپشن کی شکایات پر معطل اور 1500 سے زائد مقدمات درج کرائے گئے ہیں‘ بجلی چوروں کے خلاف ملک بھر میں بلا امتیاز آپریشن ہو رہا ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران عابد شیر علی نے شیر اکبر خان کے سوال پر کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح تمام شعبوں میں کرپشن کو ختم کرنا ہے‘ موجودہ حکومت نے ریکارڈ ملزمان کو کرپشن کی بناء پر پکڑا اور انہیں سزائیں دیں۔ ہم نے اپنے مختلف شعبوں سے کرپٹ لوگوں کو نکالا لیکن وہ عدالتوں سے حکم امتناعی لے کر آجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں واپڈا ملازمین اور بجلی چوری کرنے والے برابر شریک ہیں۔ ایک ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرپٹ ترین افسران اور ملازمین کو عہدوں سے ہٹا کر محکمانہ کارروائیاں بھی کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو‘ سبکو‘ سسکو‘ لیسکو‘ فیسکو سمیت تمام بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کے سو سے زائد افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی کی گئی اور 1500 سے زائد مقدمے درج کئے گئے۔ ساجدہ بیگم کے ضمنی سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ کے پی کے لئے کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہے۔ ٹرانسفارمر تبدیلی‘ مرمت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں لیکن جہاں بجلی چوری اور ریکوری نہیں ہوئی ہے وہاں پر یہ ہدایت ہے کہ وہاں پر سہولیات روکی جائیں۔ جمشید دستی کے ضمنی سوال پر وزیر مملکت نے کہا کہ دو ماہ قبل مظفر گڑھ کا دورہ کیا تو اپنے محکمہ کے خلاف شکایات موصول ہوئیں۔ اس ایکسین کو معطل بھی کیا وہاں پر کسی قسم کا سیاسی انتقام نہیں ہے۔ ایکشن انہی کے خلاف ہو رہا ہے جو بجلی چوری یا میٹر کو آہستہ کرنے کی کارروائیوں میں ملوث پائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہو رہی ہے۔ بجلی چوری کی کوئی سیاسی پارٹی نہیں ہے۔ ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے۔