برجیس طاہر کی بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت
اسلام آباد (ملت آن لائن) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کوٹلی سیکٹر آزاد کشمیر میں ایل او سی پر بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت خطہ میں اشتعال انگیزی کو ہوا دے رہا ہے جو خطہ کے امن کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے ایل او سی پر شہید ہونے والے پاک فوج کے چار جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی حکومت اور افواج بھارت کے ناپاک عزائم سے باخبر ہیں اور کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جنوبی ایشیاء سمیت اس پورے خطہ کے امن کو تباہ کرنے پر لگا ہوا ہے اور اسلحہ کے انبار لگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کے حالیہ دورہ بھارت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اسرائیل سے بڑھتے ہوئے مراسم نہ صرف فلسطین اوردُنیا بھر کے مسلمانوں بلکہ خود بھارت کے مسلمانوں کیلئے انتہائی خطرناک ہیں جو آئے روز ہندو انتہاء پسندی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے بھارت میں مسلمان روز بروز غیر محفوظ ہوتے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان مخالف بیان، بھارتی آرمی چیف کا بیان اور اسرائیلی وزیراعظم کا دورہ بھارت درحقیقت پاکستان کو دباؤ میں لا کر خطہ میں بھارت کی چوہدراہٹ قائم کرنے کی کوشش ہے جوکسی صورت میں کامیاب نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جدید اسلحہ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہے لیکن وہ پاکستانی قوم اور فوج کے عزم کا مقابلہ نہیں کرسکتاجو اپنا دفاع کرنا خواب جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج باصلاحیت ہیں جنہوں نے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے جارحانہ اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا اور کسی بھی صورت اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی و سفارتی حمایت سے دستبرار نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کے امن اور خود بھارت کی ترقی و خوشحالی اسی میں ہے کہ وہ ہمسایہ ممالک کے خلاف سازشوں سے باز رہتے ہوئے مسئلہ کشمیر کوکشمیری عوام کی اُمنگوں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرے۔