خبرنامہ

بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے قدرتی وسائل سے بھرپوراستفادہ اور فروغ تعلیم ناگزیر ہے، بلوچستان میں نوجوان نسل کے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے مواقع موجود ہیں. چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ اور فروغ تعلیم ناگزیر ہے، بلوچستان میں نوجوان نسل کے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے مواقع موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل تعلیم حاصل کرکے ان سے فائدہ اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے 180 طلباء و طالبات اور فیکلٹی ممبران سے گزشتہ رات پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے اور سی پیک منصوبہ جات سے بلوچستان کی عوام اور خاص طور پر پڑھے لکھی نوجوان نسل بھرپور استفادہ کر سکتی ہے، اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کے مقصد کو فروغ دینا ہو گا، تعلیم کا مقصد صرف سرکاری ملازمت کے حصول کیلئے نہیں ہونا چاہئے بلکہ شعور کو اجاگر کرنے اور معاملات کو سمجھنے کیلئے ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور تعلیم یافتہ نوجوان قوم کی اُمیدوں اور خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ محمد صادق سنجرانی نے طلباء و طالبات سے اپیل کی کہ اپنے اندر ’’میں‘‘ کے نظریہ کو ختم کریں اور ’’ میرا علاقہ‘‘ کے نعرے کو بدلنا ہو گا۔ گوادر بلوچستان کے عوام کا مستقبل ہے جس سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف بلوچستان کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے بلکہ پورے ملک میں ترقی و خوشحالی لائی جا سکتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ جلد چین کا دورہ کریں گے اور بلوچستان کے طلباء و طالبات کیلئے 200 وظائف چین کی حکومت سے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مکران ڈویژن سے فٹ بال کی ٹیم تیار کی جائے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے طلباء و طالبات کو بتایا کہ چین کے سفیر سے ملاقات کے دوران چین کے سفیر نے نوجوان نسل کو ہنرمندی کی تعلیم دینے پر زور دیا تھا تاکہ وہ سی پیک منصوبے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں، میں نے چینی سفیر سے گوادر میں فٹ بال سٹیڈیم تعمیر کرنے کی بات بھی کی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالاء نے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے اور کئی یونیورسٹیوں کے ساتھ انٹرن شپ کے معاہدے کرکے فارغ التحصیل بچوں کو کام کے مواقع فراہم کئے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے دورہ پر آئے ہوئے بلوچستان کے طلباء و طالبات کو سینیٹ کے کام کے طریقہ کار کے بارے بتایا، سینیٹ ہال دکھایا اور مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ عشائیہ میں سینیٹر کہدہ بابر نے طلباء و طالبات سے سندھی اور بلوچی زبان میں خطاب کیا۔ سینیٹرز فدا محمد، دلاور خان، مولا بخش چانڈیو، ثناء جمالی، کہدہ بابر اور میاں محمد عتیق نے عشائیہ میں شرکت کی۔ دریں اثناء چیئرمین سینیٹ نے تربت ڈگری کالج کے 8 رکنی وفد سے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔