اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن)صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ جنگ بندی لائن کے دونوں طرف بسنے والے کشمیری بھارتی حکومت کی جانب سے بھارتی آئین کی دفعہ 35 A کے خاتمے کی کوششوں کو نا کام بنانے کے لیے متحد اور منظم ہیں ۔ بھارتی حکومت کے اس مذموم منصوبے پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اس اقدام کا واضح مقصد بھارتی آئین کے تحت کشمیریوں کو پہلے سے محدود اختیارات اور مراعات کو ختم کرنا اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی تحریک کو نقصان پہنچانا ہے جس کی بھرپور مذحمت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایسے مذموم ہتھکنڈوں کو کشمیریوں نے پہلے بھی اتحاد و یکجہتی سے نا کام بنایا اور وہ آئندہ بھی ایسی منفی کوششوں کی ناکام بنانے کے لیے پوری طرح پرُ عزم اور بیدار ہیں ۔ صدر مسعود خان نے بھارتی حکومت کی طرف سے بھارتی آئین کی دفعہ 35 A سے چھیڑ چھاڑ کو کشمیریوں کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ آزادی اور حق خود ارادیت کی تحریکوں کو کبھی بھی جبر و تشدد سے دبایا نہیں جا سکتا ۔ مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ مذاحتمی قیادت، وکلاء ، تاجروں اور سول سوسائٹی کے موقف کی بھرپور تائید و حمایت کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے چپے چپے میں بھارتی حکومت کے مجوزہ منصوبے کے خلاف بڑے بڑے احتجاجی مظاہرے کشمیریوں کے عزم و حوصلے کی عکاسی کرتے ہیں ۔ نہتے اور پرُ امن مظاہرین پر جبر و تشدد اور طاقت کے بے جا استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام اور حکومت مذاحمتی تحریک کے قائدین کو یقین دلاتے ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وادی چناب ، جموں ، لداخ اور کارگل میں بھارتی حکومت کے منفی ارادوں کے خلاف مظاہرے ، بھارت کے لیے واضح پیغام ہیں کہ تمام کشمیری بلا تفریق ، مذہب ، زبان اور علاقہ کشمیر کے جداگانہ تشخص پر کوئی سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ۔ صدر آزاد کشمیر نے بھارت کی طر ف سے 35 A کے خاتمے کی آڑ میں مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے خلاف اقوام متحدہ کی فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا مجوزہ اقدام نہ صرف جنیوا کنونشن کی صریحاً خلاف ورزی ہے بلکہ بین الاقوام قوانین کے تحت ایک جنگی جرم تصور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کے باشندوں کو اپنے سیاسی مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا حق ہے ۔
خبرنامہ
بھارتی آئین کی دفعہ 35 A کے خاتمے کی کوششوں کا مقصد بھارتی آئین کے تحت کشمیریوں کو حاصل پہلے سے محدود اختیارات اور مراعات کو ختم کرنا ہے، صدر آزاد کشمیر
