خبرنامہ

بھارت خطہ میں امن و امان خراب کر رہا ہے، برجیس طاہر

بھارت خطہ میں امن و امان خراب کر رہا ہے، برجیس طاہر

اسلام آباد:(ملت آن لائن)وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بھارت خطہ میں امن و امان کے حالات کو خراب کرنے کی مذموم کوششیں کر رہا ہے ، جس قسم کا رویہ بھارتی حکام نے پاکستان کے سفارتکاروں سے شروع کر رکھا ہے وہ نہ صرف سفارتی آداب کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے خطہ میں سلامتی کے حالات کو مزید خطرات لاحق ہو ں گے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج پوری عالمی دنیا دیکھ رہی ہے کہ ایک طرف پاکستان تمام تر معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے ہر سال ہزاروں کی تعداد میں سکھ اور ہندو یاتریوں کو پاکستان آنے کیلئے نہ صرف ویزا فراہم کرتا ہے بلکہ ان کیلئے یہاں میزبانی کے بہترین انتظامات بھی کئے جاتے ہیں، اس کے برعکس بھارت نے اس سال چند سینکڑوں کی تعداد میں خواہشمند پاکستانی زائرین کو اجمیر شریف عرس میں شرکت سے روکنے کیلئے ویزوں کے اجراء کو بھی بند کر دیا جو بھارتی حکومت کی تنگ نظری اور تعصب پر مبنی ذہنیت کی کھلی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے ایل او سی پار کرنے کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اچھی طرح جانتا ہے کہ ایل او سی پار کرنے کے کس قدر سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی ان گیڈر بھبگیوں سے نہیں ڈرتا اور پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام اور حکومت اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی تمام تر صورتحال میں سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کشمیریوں کی تیسری نسل آج بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کے باوجود تحریک آزادی کشمیر کے علم کو بلند اور زندہ رکھے ہوئے ہیں اس سے اس امر کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا حل نکال کر خطے میں ایک پائیدار امن کی بنیاد رکھی جائے گی۔