اسلام آباد (ملت + اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان ایک بار پھر کہا ہے کہ بھارت کی دفاعی تیاریاں خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔بھارت پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں ملوث ہے۔بھارت ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر سیز فائر کی بار بار خلاف ورزی کر رہاہے۔پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔پاک چین تعاون تمام خطے کیلئے مفید ثابت ہوگا،باہمی تعاون تنازعات سے کہیں بہتر ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی دفاعی تیاریاں خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں ۔نئی دہلی کی ایٹمی تیاریاں بھی باعث تشویش ہیں،اس سے علاقے میں طاقت کا توازن بگڑ جائے گا۔پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ بھارت کی ریاستی ایجنسیاں پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔اس سلسلے میں ہم نے دستاویزات اقوام متحدہ کے حوالے کی ہیں اور یہ معاملہ بار بار اٹھائیں گے۔کشمیر سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔اس کے علاوہ بھارت ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر بھی سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے جس میں اب تک درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ماسکو میں افغانستان سے متعلق چھ ملکی مذاکرات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔افغانستان،پاکستان،روس،ایران،چین اور بھارت پر مشتمل چھ ملکی مذاکرات کے پہلے روز تمام ملکوں نے افغانستان اور خطے میں قیام امن کیلئے کوششوں پر اتفاق کیا۔اجلاس میں افغانستان میں قیام امن سے متعلق امور زیر بحث لائے گئے۔ترجمان نے کہا کہ افغانستان کا تنازعہ چالیس سال پرانا ہے جس نے وہاں غیر ریاستی عناصر کو پھلنے پھولنے کا موقع فراہم کیا۔
خبرنامہ
بھارت کی دفاعی تیاریاں خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں: ترجمان دفتر خارجہ
