بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیرکی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے،چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھارت کی جانب سے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں وحشیانہ طاقت کے استعمال جس کے نتیجے میں 20 نہتے اور معصوم کشمیری شہید جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے کی بھر پور مذمت کی ہے بھارت احتجاج کرنے والے نہتے کشمیریوں جن میں نوجوان اور بچے شامل ہیں کے خلاف ظالمانہ اپریشن کررہا ہے جس میں پیلٹ گن کا استعمال بھی شامل ہے اور اس کے ساتھ ساتھ علاقے میں انٹر نیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔اس ظلم و بربریت کا مقصد معصوم کشمیریوں کی تحریک کو مزید دبانا ہے۔کشمیریوں کابہیمانہ قتل عام بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے غیر انسانی چہرے کا عکاس ہے جس کا ارتکاب کئی دہائیوں سے معصوم کشمیریوں پر کیا جارہاہے۔ مدینہ منورہ سعودی عرب سے اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ بھارتی قابض فوجوں کی جانب سے اس قسم کے بزدلانہ اقدامات سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے بلکہ ان کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے دلیر اور پْرعزم لوگوں نے بار بار اس عہد کا اعادہ کیا ہے کہ بھارتی فوجوں کی جانب سے کسی قسم کا تشدد ،بربریت اور ماروائے عدالت قتل عام انہیں حق خود ارادیت کی تحریک سے الگ نہیں کر سکتا۔ چیئرمین سینیٹ نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور گزشتہ کئی برسوں سے جاری ان مظالم کو روکنے کیلئے اپنا اثر رسوخ استعمال کرے۔چیئرمین سینیٹ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشا ت کے مطابق دیر پا حل کیلئے کردار ادا کرے۔
اسلام آباد میں پولن کی مقدار کم ہوکر 3084 فی مکعب میٹر رہ گئی، محکمہ موسمیات
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولن کی زیادہ سے زیادہ مقدار سیکٹر ایچ ایٹ میں 3ہزار 84 فی مکعب میٹر ہو گئی۔ محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق پیر کو جنگلی شہتوت کے پولن کی مقدار سب سے زیادہ رہی جو ایچ ایٹ میں 3ہزار 60، جی سکس میں ایک ہزار 280 اور ایف ایٹ میں 840 فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ تینوں سیکٹروں میں دیگر پولن کی تعداد بالترتیب 25، 160اور 133 فی مکعب میٹر رہی۔ واضح رہے کہ موسم بہار کے آغاز کے ساتھ ہی اسلام آباد میں پولن کی مقدار بڑھنا شروع ہو گئی تھی جس میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ طبی ماہرین نے الرجی کے متاثرین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے عام لوگوں کی آگاہی کے لئے پولن سے متعلق معلومات باقاعدگی کے ساتھ جاری کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی ویب سائیٹ کے ساتھ ساتھ میڈیا کو بھی معلومات جاری کی جاتی ہیں۔