اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت ان کو درپیش اہم مسائل کو جلد حل کرنے کی کوشش کرے گی، پاکستان کی معیشت پہلے سے کافی بہتر حالت میں آ گئی ہے جبکہ سی پیک کی وجہ سے نجی شعبے کیلئے کاروبار و سرمایہ کاری کے مزید نئے مواقع پیدا ہوں گے، نجی شعبہ جدید مشینری و ٹیکنالوجی کو اپنانے پر توجہ دے تا کہ وہ سی پیک منصوبوں میں چین اور دیگر ممالک کے ہم منصبوں کے ساتھ مضبوط کاروباری شراکتیں قائم کرنے میں کامیاب ہو، وزیراعظم پاکستان کاروبار کیلئے مزید سازگار حالات پیدا کرنے میں پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں حکومت توانائی سمیت دیگر شعبوں میں کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔پیر کواسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدر خالد اقبال ملک کی قیادت میں وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی سے ملاقات کی اور تاجر برادری کو درپیش اہم مسائل سے ان کو آگاہ کیا۔ وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک، نائب صدر طاہر ایوب، میاں اکرم فرید، ظفر بختاوری، شیخ عامر وحید، چوہدری محمد نعیم، راجہ عبدالمجیداور دیگر شامل وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے اس موقع پر وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت ان کو درپیش اہم مسائل کو جلد حل کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پہلے سے کافی بہتر حالت میں آ گئی ہے جبکہ سی پیک کی وجہ سے نجی شعبے کیلئے کاروبار و سرمایہ کاری کے مزید نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ جدید مشینری و ٹیکنالوجی کو اپنانے پر توجہ دے تا کہ وہ سی پیک منصوبوں میں چین اور دیگر ممالک کے ہم منصبوں کے ساتھ مضبوط کاروباری شراکتیں قائم کرنے میں کامیاب ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کاروبار کیلئے مزید سازگار حالات پیدا کرنے میں پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں حکومت توانائی سمیت دیگر شعبوں میں کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت کی کوششوں سے ملک سے لوڈشیڈنگ کا جلد ہی خاتمہ ہو جائے گا جس سے صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید ترقی ملے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے نو ماہ میں تجارتی خسار ے میں مزید اضافہ ہوا ہے جبکہ ملک کی برآمدات میں بھی کمی واقع ہوئی ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نجی شعبے کی مشاورت سے معیشت کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے کی طرف خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے سے ہر ممکن گریز کیا جائے کیونکہ اس سے تاجر برادری سمیت دیگر ٹیکس دہندگان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر توجہ دے جس سے ٹیکس ریونیو بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نئے بجٹ میں ملک کے صنعتی شعبے کیلئے مشینری اور ٹیکنالوجی کی درآمد پر عائد امپورٹ ڈیوٹی کا خاتمہ کرنے پر توجہ دے تا کہ نجی شعبہ جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کو امپورٹ کرنے میں سہولت محسوس کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعاون کرے تو نجی شعبہ جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر ملک کی برآمدات کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تجارتی پالیسی برائے 2015-18 میں ایکسپورٹ شعبے کیلئے کچھ مراعات کا اعلان کیا تھا لیکن ان مراعات سے استفادہ حاصل کرنے کا طریقہ کار بہت پیچیدہ رکھا گیا ہے جس سے نجی شعبے کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا۔ لہذا انہوں نے کہا کہ حکومت پیچیدہ طریقوں کو آسان بنائے جس سے نجی شعبے کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک، نائب صدر طاہر ایوب، میاں اکرم فرید، ظفر بختاوری، شیخ عامر وحید اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔
خبرنامہ
تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے
