لاہور (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ٹرین سیفٹی کو یقینی بنانے کیلئے ٹریک کی خطرناک حد تک نزدیک تجاوزات والی جگہوں کو ہنگامی بنیادوں پر خالی کروایا جائے ۔ اِن خیالات کا اظہار خواجہ سعد رفیق نے ریلویز ہیڈکوارٹرزآفس کے کمیٹی روم میں اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ ٹرین ڈرائیورز کے فزیکل ٹیسٹ کیلئے کم از کم معیاد3سال سے کم کر کے 1سال کی جائے اور اس سلسلے میں قوانین میں ضروی ترامیم فوراًکی جائیں۔ڈرائیورز کے فزیکل اور نفسیاتی ٹیسٹس کیلئے سپیشلسٹ ڈاکٹروں کو متعین کیا جائے کیونکہ انسانی جانوں کی حفاظت ہماری اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ اجلاس میں آؤٹ سورس کی جانے والی ٹرینوں کے حوالے سے اَب تک کی ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور مزید آؤٹ سورس کی جانے والی ٹرینوں کے لیے حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں کوہاٹ اور راولپنڈی کے مابین ٹرین چلانے کے حوالے سے ٹریک کی اَپ گریڈیشن اورضروری مینٹیننس سے متعلق ایک جامع منصوبہ مرتب کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز، ممبر فنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچرہمایوں رشید، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل لیاقت علی چغتائی، فنانشل ایڈوائز اینڈ چیف اکاؤنٹس آفیسر ڈاکٹر محمد سعید، چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ محمود حسن، چیف کمرشل منیجر پسنجر خالد خورشید کنور، چیف مارکیٹنگ منیجر عبدالحمید رازی، چیف انجینئر اوپن لائن بشارت وحید، چیف انجینئر کیرج اینڈ ویگن عدنان شافع سمیت ریلوے کے دیگرسینئر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
خبرنامہ
تجاوزات والی جگہوں کو ہنگامی بنیادوں پر خالی کروایا جائے‘ سعد رفیق
