کراچی (ملت + آئی این پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہاہے کہ تحریک انصاف اپنے کھودے ہوئے گڑھے میں خود گرگئی ہے۔ پانامہ پیپرز پر بھی وزیر اعظم نواز شریف سرخرو ہوں گے۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت عابد شیر علی نے کہا کہ دس لاکھ کا مجمع جمع کرنے کا دعویٰ سب نے دیکھ لیا، تحریک انصاف کو اب منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ وزیر مملکت برائے پانی وبجلی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی زبان کو گھٹیا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے پولیٹیکل غنڈے عدالتوں کا احترام نہیں کرتے۔ تحریک انصاف کے رہنما عدلیہ کا احترام کریں اوے اوے جج بولنا بند کریں۔ توانائی منصوبوں سے متعلق عابد شیر علی نے کہا کہ بجلی بحران سے پوری قوم اذیت میں مبتلا ہے۔ وزیر اعظم بجلی پیداوار کے منصوبوں کی خود نگرانی کررہے ہیں۔ کے الیکڑک کے ساتھ معاہدے پورے نہ ہونے پر شدید تحفظات ہیں۔ اب چائنا الیکڑک کمپنی سے کراچی کے شہریوں کے مفاد میں معاہدہ ہوگا۔
خبرنامہ
تحریک انصاف اپنے کھودے ہوئے گڑھے میں خود گرگئی، عابد شیرعلی
