خبرنامہ

تحریک انصاف سوشل میڈیا پر عمران خان اور آرمی چیف کی ملاقات کو غلط رنگ دے رہی ہے

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیزنے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف سوشل میڈیا پر عمران خان اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات کو غلط رنگ دے رہی ہے،یہ تاثردینے کی کوشش کی جارہی ہے جیسے پاک فوج سیاست میں ملوث ہو،پی ٹی آئی اس ملاقات کو سوشل میڈیا پر اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کررہی ہے ، فوج بھی ایسا پراپیگنڈا کرنے والوں کودیکھ رہی ہے اورحکومت بھی ایسا پراپیگنڈا کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہولڈرز کے گریبان تک پہنچے گی ،وزیراعظم نوازشریف کی صحت بارے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں ، وہ صحت یاب ہیں ، ملک میں ہیں اوریہیں رہیں گے ،تحریک انصاف نے تلہ گنگ کے انتخاب میں پیپلزپارٹی سے مک مکا کیا ، الزامات ہم پر لگائے جاتے ہیں ۔ وہ پیر کی شام پی آئی ڈی کے میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر کے کیس سے بھاگنا چاہتی ہے ،قانون کے مطابق غیر ملکی فنڈنگ ثابت ہونے پر پارٹی تحلیل کرنا پڑتی ہے اس لئے تحریک انصاف اپنے آپ کو بچانے کیلئے پانی میں زہر ملا رہی ہے ۔ اس موقع پر وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہماری تین نسلوں نے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا تاہم ہم سے احتساب کا مطالبہ کرنے والے خود اپنے احتساب سے بھاگ رہے ہیں ، تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ کیس میں تمام ثبوت اور شواہد موجود ہیں ، تحریک انصاف نے کیس میں جواب دینے کی بجائے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کردیا ، وزیراعظم بھی پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر سکتے تھے لیکن انہوں نے خود کو عدالت میں پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے نزدیک صرف وہی ادارے قابل احترام ہیں جو ان کی مرضی کے مطابق فیصلے دیں اور ان کی لائن ولینتھ پر چلیں ،جس ادارے نے ان کے خلاف فیصلہ دے دیا اس پر الزامات لگانے شروع کر دیے جاتے ہیں ،تحریک انصاف نے سیاست شائستگی کو ختم کردیا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جھوٹا اور منفی پراپیگنڈا کرنے کی ماسٹر ہے ، کسی سیاسی جماعت کے پاس ایسی پراپیگنڈا مشنیں نہیں جیسی تحریک انصاف کے پاس ہیں ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی صحت بارے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں ، وہ مکمل صحت یاب ہیں ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ مجھے بلیک میل کرنے کیلئے جھوٹے مقدمات درج کرائے گئے وہ قوم کو بتائیں کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس پانامہ کی رپورٹ آنے سے پہلے درج ہوا یا بعد میں اور یہ ہم نے درج کروایا یا ان کے اپنے پارٹی کے شخص نے ، الیکشن کمیشن نے کسی سیاسی جماعت کیلئے ایسے الفاظ استعمال نہیں کئے جو اس کیس میں تحریک انصاف کیلئے استعمال کئے اور پی ٹی آئی کو غیر شائستہ جماعت قراردیا ۔ تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کی تمام تفصیلات موجود ہیں ، صرف امریکہ ہی نہیں بلکہ پی ٹی آئی کو بھارت سے بھی فنڈنگ ہوتی ہے ، عمران خان نے خود تسلیم کیا کہ فنڈنگ کا پیسہ ہنڈی کے ذریعے منگوایا گیا ،دو سال سے کبھی پاؤں میں موچ اور کبھی بخار کا بہانہ کر کے کیس میں تاخیر کی جا رہی ہے ۔دانیال عزیز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور آرمی چیف ملاقات کے ذریعے فوج کے سیاست میں ملوث ہونے کا تاثر پیدا کرنا چاہتی ہے ، ملاقات کو سوشل میڈیا پر اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے ،ایسا پراپیگنڈا کرنے والے سوشل میڈیا کے اکاؤنٹ ہولڈرز کے گریبان تک پہنچیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے تلہ گنگ کے انتخاب میں پیپلزپارٹی سے مک مکا کیا ، الزامات ہم پر لگائے جاتے ہیں ،عمران خان کو الیکشن کمیشن،ریاستی اداروں اور تمام سیاسی جماعتوں سے اپنے الزامات اور پے درپے جھوٹ پر معافی مانگنی چاہیے ۔(ار+ن م)