اٹک (ملت +آئی این پی )وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی لحاظ سے دنیا کا مضبوط ملک بنانے کیلئے کوشاں ہے جبکہ تحریک انصاف ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے اسلام آباد بند کرنے کی دھمکیاں دے رہی ہے عوام اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے اب دھرنوں ،روڈ بلاک اور میں نہ مانوں کی سیاست کا دور گزر چکا پاکستان اس وقت تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے ۔ وہ منگل کو بانی چیئرمین الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن لالہ محمد صدیق کی رہائش گاہ پر ان کے بھانجے کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ اس موقع پر مرحوم کے والد صوبیدار ریٹائرڈ ارشد محمود ،سٹی صدر مسلم لیگ (ن) شیخ غلام صمدانی ،ضلعی رہنما مسلم لیگ (ن) شیخ اجمل محمود ،چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ،سیکرٹری اطلاعات لیاقت عمر ،سرپرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جرنلسٹس حاجی پرویز خان بھی موجود تھے وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ سی پیک 46ارب ڈالر کا ایسا عظیم منصوبہ ہے جس کے بیشتر حصے 2018سے قبل پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے اور انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت 2018سے قبل ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردے گی سی پیک کی بدولت پاکستان چین کی مدد سے کاشغر سے گوادر تک جومنصوبے بنائے گا ان سے وطن عزیز میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے نئے باب کا اضافہ ہوگا اور غربت ،بھوک افلاس ،بے روزگاری میں واضح کمی آئے گی سی پیک کسی ایک علاقے یا صوبے کا حصہ نہیں بلکہ چاروں صوبوں کو آپس میں پیار و محبت کی ایسی لڑی میں پرو دے گاکہ صوبے ایک دوسرے کے لیے جان دیں گے اور قائد اعظم کا خواب حقیقی معنوں میں پورا ہوگا سی پیک سے صنعتی ترقی ،معاشی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا تحریک انصاف تعمیر و ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن چکی ہے
خبرنامہ
تحریک انصاف کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے نہیں دیں گے، شیخ آفتاب احمد
