خبرنامہ

تربیلا ڈیم کا چوتھا توسیع منصوبہ غلط منصوبہ بندی اور جلد بازی کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا

ہری پور۔(ملت آن لائن)تربیلا ڈیم کا چوتھا توسیع منصوبہ غلط منصوبہ بندی اور جلد بازی کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا، ہزاروں ٹن مٹی جانے سے منصوبہ کے تین پیداواری یونٹ کے گیٹ ڈوب گئے، یونٹ نمبر 17 اور یونٹ نمبر 16 کی پیداوار بدستور بند ہے، 940 میگاواٹ بجلی کی پیداوار میں خسارہ ہونے لگا، منصوبہ اس سال بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع نہیں کر سکے گا، قومی نقصان کے ذمہ داروں کے تعین کیلئے وفاقی حکومت فوری طور پر تحقیقات کرے، سابق حکومت نے کریڈٹ لینے کیلئے جلد بازی میں واپڈا پر دباؤ ڈال کر افتتاح کروایا جو منصوبہ کی بندش کا باعث بنا۔ تفصیلات کے مطابق تربیلا ڈیم کے چوتھے توسیعی منصوبہ کے یونٹ نمبر 16 اور 17 کے گیٹ ہزاروں ٹن مٹی جمع ہونے کی وجہ سے مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں جس سے سنگین صورتحال پیدا ہو گئی ہے، یونٹ نمبر 16 اور یونٹ نمبر 17 سے بجلی کی پیداوار بند ہو گئی ہے، سرنگ نمبر چار سے ہزاروں ٹن مٹی آنے سے تینوں پیداواری یونٹ کے گیٹ بدستور مٹی میں ڈوب گئے ہیں، مٹی کو نکالنے کیلئے ابھی تک کوئی موثر طریقہ استعمال نہیں کیا جا رہا ہے، مٹی کو ہٹانے کیلئے کی جانے والی تمام تر کوشش ناکام ہو گئی ہیں۔ تربیلا ڈیم ذرائع نے بتایا کہ یونٹ نمبر سولہ اور یونٹ نمبر سترہ کی بندش کی وجہ سے روزانہ 940 میگاواٹ بجلی کا خسارہ ہو رہا ہے۔