اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و ترقی کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل لازمی ہے۔ حریت پسند کشمیری عوام کی مسلسل قربانیوں اور ثابت قدمی سے عالمی برادری میں ان کی آزادی کی تحریک کی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے استنبول یونیورسٹی ترکی کے شعبہ اردو کے سربراہ ڈاکٹر خلیل طوقار سے گفتگو میں کیا جنہوں نے بدھ کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں مشیر وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر خلیل طوقار نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ترک زبان میں شائع شدہ اپنی کتاب بھی عرفان صدیقی کو پیش کی۔ وزیراعظم کے مشیر نے ڈاکٹر خلیل طوقار کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی اور پاکستان دو بھائی ہیں اور کشمیر کے حوالہ سے دونوں ممالک کی حکومتوں کا موقف اور عوام کے احساسات یکساں ہیں۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ دنیا بھر کے اہل قلم ڈاکٹر خلیل طوقار کی طرح کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اپنی آواز بلند کریں اور بھارتی ظلم و استبداد کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار اد اکریں۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ اس کتاب کے فوری طور پر اردو اور انگریزی تراجم بھی شائع کئے جائیں گے۔ ملاقات میں اکادمی ادبیات پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر قاسم بگھیو بھی موجود تھے۔
خبرنامہ
ترکی پاکستان دو بھائی ہیں،عرفان صدیقی