تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی ناظرہ تعلیم شروع کردی گئی ہے، بلیغ الرحمان
اسلام آباد (ملت آن لائن) وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی ناظرہ تعلیم لازمی قرار دینے کا بل ہمارے دور میں منظور ہوا ہے‘ اسلام آباد میں 230 تعلیمی اداروں میں یہ تعلیم شروع کردی گئی ہے جبکہ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر اسلام آباد کے تمام تعلیمی اداروں میں یہ ناظرہ کی تعلیم شروع کردی جائے گی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مولانا محمد گوہر شاہ کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کی اکثریت مختلف جماعتوں کے طلباء سے علیحدہ کمپیوٹر فیس وصول کر رہی ہے۔ ہم نجی تعلیمی اداروں اور والدین کے لئے قابل قبول فارمولہ پر کام کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے ایک گیارہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اس بارے میں اقدامات تجویز کرے گی۔ انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد کے 37 سکولوں میں تربیت کے طور پر ناظرہ شروع کیا گیا ہے۔ نئے تدریسی سال کے آغاز پر تمام سکولوں میں ناظرہ شروع کرایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ قانون نجی اور سرکاری دونوں شعبوں پر نافذ ہوتا ہے۔ ہمیں اس پر عملدرآمد کے لئے وقت درکار ہوگا۔ اس قانون کے تحت تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ناظرہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔