خبرنامہ

تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت سے نیا کمپنیز بل 2016ء کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے: اسحاق ڈار

اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت سے نیا کمپنیز بل 2016ء کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو خزانہ ڈویژن میں قوانین کے جائزہ سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اجلاس میں مختلف بلوں کے مسودوں پر کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جن پر قانون سازی کیلئے غور کیا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ نیا کمپنیز بل بہترین عالمی معیار اپنانے میں مدد گار بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کو آسان بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قانون بیرسٹر ظفر اﷲ خان اور وزیراعظم کے خصوصی معاون خواجہ ظہیر احمد نے شرکت کی۔