اسلام آباد (ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی میں و زیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ملک کی تمام ڈسکوز میں سٹاف کی کمی پورا کرنے کیلئے این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی ہو گی‘ کوئی سیاسی بھرتی نہیں کی جائے گی‘ ڈسکوز کی طرف سے وزارت کو بھجوائی گئی ریکروٹمنٹ لسٹ پر 10 فیصد کٹ لگایا گیا۔ 75 فیصد خسارے والی ڈسکوز میں نئی بھرتی نہیں ہو گی۔ وہ منگل کو ایوان میں جماعت اسلامی کے رہنما صاحبزادہ محمد یعقوب کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دے رہے تھے۔ صاحبزادہ یعقوب نے دیر کے ڈسکو میں کم تعداد میں سٹاف کی طرف توجہ مبذول کرائی تھی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ضلع دیر میں سٹاف کی معمولی کمی ہے خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ آسامیاں مشتہر کر دی گئی ہیں۔ این ٹی ایس کے ذریعے ٹیسٹ ہو گا۔ کامیاب ہونے والوں کو جاب ملے گی کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہو گی۔ میرٹ اور شفافیت پر عمل ہو گا۔ اگلے مہینے سے ریکروٹمنٹ شروع کر دی جائے گی۔
خبرنامہ
تمام ڈسکوز میں سٹاف کی کمی پورا کرنے کیلئے این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی ہو گی
