خبرنامہ

تنخواہوں میں اضافہ: پارلیمنٹیرینز ایک دوسرے کو مبارکبادیں

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی کابینہ کی طرف سے وزراء اور اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے اعلان کے بعد قومی اسمبلی او ر سینٹ کے اجلاس میں ارکان ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے رہے جبکہ وزیر خزانہ کا ارکان نے خصوصی طو رپر شکریہ ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بدھ کو ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی گئی ۔ 2 سالوں سے ارکان اسمبلی کا یہ مطالبہ تھا کہ موجودہ تنخواہ میں ان کا گزارہ نہیں ہوتا۔ 61 ہزار تنخواہ صرف مہمانوں کو چائے پلانے میں ہی خرچ ہو جاتی ہے جس مقصد کیلئے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے اپنی سفارشات گزشتہ بجٹ میں پیش کی تھیں تاہم میڈیا اور عوام کی تنقید سے بچنے کیلئے حکومت نے اس معاملہ کو موخر کر دیا تھا بدھ کو کابینہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کابینہ کو بتایا کہ اگر ارکان کی تنخواہوں میں آج اضافہ نہ کیا گیا تو وہ قومی اسمبلی ا ور سینٹ کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کرینگے۔ خواجہ آصف نے بھی اسحاق ڈار کے موقف کی تائید کی جس پر وزیر اعظم نے کہاکہ وزارت خزانہ کی طرف سے تیار کی گئی تجاویز کی منظوری دی جائے۔ بعد ازاں ارکان ایوان میں ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے رہے۔