اسلام آباد (ملت + آئی این پی) مشیرقومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے جامع سفارشات رواں ماہ کے آواخر تک وزیراعظم کو پیش کرد ی جائیں گی۔ بدھ کو یہاں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فنکاروں کی فلاح و بہبود کے اقدامات تجویز کرنے کے لیے قائم کی گئی وزیراعظم کی کمیٹی نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلا اجلاس گزشتہ روز لاہور میں منعقد ہوا جس میں مختلف فلاحی اقدامات تجویز کئے گئے۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ فنکاروں کی بہبود سے متعلق تجاویز کو حتمی شکل دینے کے لیے 14مارچ کو اسلام آباد میں چاروں صوبوں کے ثقافتی امور کے نگران سیکریٹریز کا اجلاس طلب کیاگیا ہے جس میں مختلف صوبوں میں جاری ان سکیموں کا جائزہ لیاجائے گا جو فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ فن کی سرپرستی اور فنکاروں کی ہر ممکن فلاح و بہبود ایک پر امن معاشرے کے لیے بے حد ضروری ہے۔ عوام کی طرف سے بھی مختلف فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کی پزیرائی کے لیے دی جانے والی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جلد فن و ثقافت پر لکھنے والے صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ قبل ازیں کراچی میں کئی دہائیوں سے عالمی مشاعرہ کرانے والی معروف تنظیم ساکنان شہر قائدکے بارہ رکنی وفد نے مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی سے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں ملاقات کی اور انہیںیوم پاکستان کے سلسلہ میں 22 مارچ کو کراچی میں پچیسیوں سلور جوبلی کے موقع پر عالمی مشاعرہ کی صدارت کی دعوت دی۔اس موقع پر عرفان صدیقی نے کہاکہ حکومت علمی وادبی سرگرمیوں کا فروغ چاہتی ہے تاکہ معاشرہ انتہاپسندی جیسی بیماریوں سے نکل کر امن وآسودگی سے ہمکنار ہو۔ انہوں نے اپنے ڈویژن کی جانب سے تنظیم کی ہرممکن مددد کی یقین دہانی کرائی۔ وفد میں سید صفوان اللہ، اقبال احمد خان، محمود احمد خان، رضوان صدیقی، حاجی شفیق الرحمن اور جمال اظہر سمیت دیگر افراد شامل تھے۔ دریں اثناملک بھر کے فنکاروں نے وزیراعظم کی جانب سے فنکاروں کی فلاح وبہبود اور فن کی آبیاری کے لئے جامع اقدامات تجویز کرنے کے لئے عرفان صدیقی کی سربراہی میں 12 رکنی کمیٹی کے قیام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ معروف فلمساز سید نور نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے فنکاروں پر توجہ دی جارہی ہے۔ فنکار امن کے سفیر ہوتے ہیں جو زندگی بھر لوگوں کو خوشیا ں اور سکون فراہم کرتے ہیں لیکن عمر کے ایک خاص حصے میںآ کر انہیں کئی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کوئی ان کا پرسان حال نہیں ہوتا۔ فلم اور ڈراموں کی معروف اداکارہ لیلی زبیری نے کہا کہ وزیراعظم نے فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لیے کمیٹی قائم کر کے عملا اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ انہیں فن سے کتنی دلچسپی ہے۔ معروف آرٹسٹ اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے)کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ نے کہا کہ فنکار سرکاری سرپرستی کے مستحق ہوتے ہیں اور معاشرے پر ان کا بڑا حق ہوتا ہے۔ حکومت نے اس اہم معاملے کی طرف توجہ دے کر نہایت مثبت قدم اٹھایا ہے۔ فلم کے معروف نقاد اعجاز گل، وائلن نواز رئیس احمد اور ماسٹر غلام حیدر کے بیٹے پرویز حیدر نے بھی کمیٹی کے قیام کو بے حد مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
خبرنامہ
جامع سفارشات رواں ماہ کے آواخر تک وزیراعظم کو پیش کرد ی جائیں گی: عرفان صدیقی
