لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) وفاقی محتسب کے مشیر عبدالباسط خان نے کہا ہے کہ دنیا میں انہیں قوموں نے ترقی کی جنہوں نے نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا، جدید دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ، پاکستانی بچے ذہانت میں دنیا کے کسی ملک کے بچوں سے کم نہیں ،بچے قوم کے معمار اور مستقبل کے لیڈر ہیں والدین اور اساتذہ ان کی کردار سازی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں ۔ وہ لاہور میں ایک نجی سکول کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ عبدالباسط خان نے کہا کہ معاشرے اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ بچوں کو تعلیم و تربیت اور غیر نصابی سرگرمیوں کے بھرپور مواقع فراہم کریں اور انہیں معاشرے کا کارآمد رکن بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ اپنی ذمہ داریوں کا بھی احساس کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بچے ذہانت میں دنیا کے کسی ملک کے بچوں سے کم نہیں آگے بڑھنے کے لیے انہیں بھرپور تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ عبدالباسط خان نے کہا کہ پاکستان میں معاشی ترقی کے بھر پور مواقع ہیں ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں اپنے نوجوانوں کو کل کی ذمہ داریوں کے لیے تیار کرنا ہوگا اور ان پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی جو مستقبل میں پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی ۔ تقریب سے سکول کی پرنسپل عائشہ ثاقب نے بھی خطاب کیا آخر میں پوزیشن ہولڈرز میں میڈل اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے گئے ۔
خبرنامہ
جدید دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے
